عراق: داعش نے 2 افراد کو سنگسار کر دیا‘ انبار میں جھڑپیں جاری‘ 30 پولیس اہلکار ہلاک
بغداد (اے ایف پی+آن لائن) عراق کے شمالی صوبے نینوا میں داعش کے جنگوئوں نے غیر اخلاقی مراسم کے الزام میں 2 افراد کو سنگسار کر دیا۔ دونوں کی آن لائن تصویر بھی جاری کی گئی ہیں۔ پہلی تصویر میں ایک شخص کی آنکھوں پر پٹی بندھی ہے جونہی وہ جھکتا ہے ایک جنگجو اس پر بہت بڑا پتھر پھینکتا ہے جس کے بعد اس کے سر سے خون بہتا نظر آتا ہے۔ دوسرے شخص کو بھی اسی طریقے سے مار دیا جاتا ہے۔ لوگوں کی بڑی تعداد کھڑی ہے ان میں بچے بھی یہ ہولناک منظر دیکھتے نظر آتے ہیں۔ یہ واقعہ کس مقام پر پیش آیا اور آیا تصاویر اصلی ہیں کسی آزاد اور حکومتی ذرائع سے تصدیق نہیں ہو سکی۔ ادھر ایک ہفتے میں جاری لڑائی کے دوران صوبہ انبار کے علاقے رمادی میں 30 پولیس اہلکار جاںبحق ہو گئے کہ فوج داعش کے خلاف آپریشن کر رہی ہے۔ عراق کے وزیر دفاع خالد العبیدی نے دعویٰ کیا ہے کہ سکیورٹی فورسز نے صوبہ دبالہ کے فلوجہ شہر سے متصل الکرمہ شہر کا 90 فیصد علاقہ شدت پسندوں سے آزاد کرلیا ہے۔ نیوز کانفرنس کے دوران بتایا کہ فوج نے اپنے نقشے اور پلان کے مطابق الکرمہ شہر میں بھرپور کارروائی کرکے نوے فی صد اہداف حاصل کرلیے ہیں جس کے بعد اب فلوجہ کو شدت پسندوں سے آزاد کرانے کا راستہ ہموار ہوگیا ہے۔ وزیردفاع نے کہا کہ ہماری بہادر افواج کو مورال کو کمزور کرنے اور عزم توڑنے کے لیے نفسیاتی جنگ اور گمراہ کن میڈیا پروپیگنڈا کیا جا رہا ہے۔ سوشل میڈیا پر ایک مخصوص گروپ عراقی فوج پر عام شہریوں کے اجتماعی قتل عام کی جعلی تصاویر پوسٹ کرکے فوج کو بدنام کررہا ہے تاہم سازشیں کامیاب نہیں ہوں گی۔بغداد میں 3کار بم دھماکوں میں 19 افراد مارے اور 30 زخمی ہو گئے۔