پولیس 5ماہ قبل قتل ہونے والے نوجوان کے قاتلوں کا سراغ نہ لگا سکی
لاہور (نامہ نگار) پولیس پانچ ماہ قبل قتل ہونے والے 18سالہ اسد علی کے قاتلوں کا سراغ نہیں لگا سکی، تفصیلات کے مطابق 23نومبر 2014ء کو اٹھارہ سالہ مصری شاہ کا رہائشی اسد علی گھر کے باہر بیٹھا تھا کہ نامعلوم موٹرسائیکلوں نے فائرنگ کر کے شدید زخمی کردیا، جو بعدازاں میوہسپتال میں دم توڑ گیا، قتل کا مقدمہ تھانہ مصری شاہ میں درج ہوا، مقدمہ درج ہونے کے پانچ ماہ گزرنے کے بعد بھی پولیس قاتلوں کا سراغ لگانے میں ناکام ہے، مقتول کے والد ریاست علی نے وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف ، پولیس کے اعلیٰ افسران سے انصاف کی اپیل کی ہے، ریاست علی کا کہنا ہے کہ ان کو نامعلوم کالز کے ذریعے دھمکیاں دی جا رہی ہیں مگر پولیس ٹس سے مس نہیں ہو رہی، ان کی جان کو شدید خطرات لاحق ہیں۔