بچوں کی بازیابی کیلئے عدالت کے باہر چیخ وپکار کرنے والی خاتون گرفتار
لاہور(وقائع نگار خصوصی) رشتہ داروں کے ہاتھوں اغوا ہونے والے چار مغوی بچوں کی بازیابی کے لئے ہائیکورٹ میں آنے والی خاتون نے عدالتی فیصلے کے بعد احاطہ عدالت میں بین شروع کر دیئے۔ ،عدالتی سکیورٹی پر مامور پولیس اہلکاروں نے انصاف کے لئے دہائیاں دینے والی خاتون کو حراست میں لے کر تھانہ پرانی انارکلی پولیس کے حوالے کر دیا۔لاہور ہائیکورٹ کے مسٹر جسٹس جیمز جوزف نے کیس کی سماعت کی۔درخواست گزار خاتون بشری اختر نے اپنی درخواست میں فاضل عدالت کے رو برو موقف اختیار کیا کہ اسکے چار بچوں مریم،ربیعہ،منان اور رحمن کو اسکے رشتہ داروں نے اغوا کر رکھا ہے عدالت مغوی بچوں کو بازیاب کرانے کے احکامات صادر کرئے۔فاضل عدالت نے درخواست گزار خاتون کو ڈی پی او منڈی بہائوالدین سے رجوع کرنے کی ہدائت کرتے ہوئے درخواست نمٹائی تو خاتون نے کمرہ عدالت سے نکلتے ہی اونچی اونچی روتے ہوئے بین کرنا شروع کر دیا۔