قوم ظالمانہ انتخابی نظام کیخلاف متحد ہو جائے: نوشابہ ضیا
لاہور (لیڈی رپورٹر) عوامی تحریک ویمن ونگ کی مرکزی رہنما نوشابہ ضیاءنے کہا ہے کہ پاکستان کی دشمن سیاسی جماعتیں اور انکے قائدین نہیں بلکہ موجودہ ظالمانہ نظام انتخاب ہے جس نے ملک کے کروڑوں غریب مرد و خواتین اور عوام کو ان کے بنیادی حقوق سے محروم کر رکھا ہے۔ اگر اس ملک کی خوشحالی اور ترقی مقصود ہے تو ساری قوم موجودہ انتخابی نظام کے خلاف متحد ہو جائے اور 11 مئی کو ہونے والے غیر آئینی انتخابات کے خلاف پاکستان عوامی تحریک کے پر امن دھرنوں میں شریک ہوکر اس فرسودہ نظام انتخاب کے تحت ہونے والے الیکشن کو مسترد کر دیں۔ طلبا و طالبات پاکستان کے روشن مستقبل کے معمار ہیں۔ بہنیں، بیٹیاں، طلبا و طالبات جان لیں کہ موجودہ انتخابی نظام ان کے بنےادی حقوق اور آرزوﺅں کا قاتل ہے۔ اس سے پہلے کہ وہ ان کی کوششوں اور کاوشوں کو ہضم کر جائے آپ سب مل کر اس استحصالی نظام سے بغاوت کر دیں۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ نظام کے تحت منتخب ہونے والوں نے اس قوم کو خود کشیاں‘ بے روز گاری‘ لوڈشیڈنگ‘ دہشت گردی اور ملک و قوم کے وقار کی مزید بربادی کے علاوہ کچھ نہیں دینا۔