محمد زبیر محمدی میموریل کرکٹ ٹورنامنٹ، پاک فرمان کلب اور گلشن معمار کلب کی کامیابیاں
کراچی (اے پی پی):محمد زبیر محمدی میموریل کرکٹ ٹورنامنٹ میں پاک فرمان کلب اور گلشن معمار کلب نے اپنے اپنے میچوں میں کامیابیاں حاصل کرلیں، شائنو اسپورٹس اور ڈھاکہ اسپورٹس کو شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ عبید الرحمن ، ابراہیم خان ، نہال احمد اور سید عبدالوکیل نے عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔ الرحمن کرکٹ کلب کے زیر اہتمام منعقدہ محمد زبیر محمدی میموریل کرکٹ ٹورنامنٹ میں مذید دو میچوں کا فیصلہ ہوگیا۔ کے ایم سی ایسٹرن اسٹار گرائونڈ پر کھیلے گئے پہلے میچ میں شائنو اسپورٹس نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 170 رنز بنائے۔ فیض عامر اور اسامہ بٹ نے 35 ، 35 رنز بنائے۔ شایان عالم ، عبدالحئی اور سفیان خان نے دو دو کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا۔ جواب میں پاک فرمان کرکٹ کلب نے مطلوبہ ہدف 172 رنز 251 اوورز میں چار وکٹوں کے نقصان پر پورا کرلیا۔ محمد دانش نے 42 رنز ، عاشرشاہ نے 37 رنز ، مطیب احمد نے 35 رنز اور عبدالبصیر نے 32 رنز اسکور کئے۔ حماد اعجاز نے دو کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا۔ امپائرنگ کے فرائض زاہد اقبال اور محمد ارشد علی خان نے سرانجام دئیے۔ ٹی ایم سی کرکٹ گرائونڈ پر کھیلے گئے دوسرے میچ میں ڈھاکہ اسپورٹس کی پوری ٹیم 170 رنز بناکر آئوٹ ہوگئی۔ ابراہیم خان نے 64 رنز اور شاہد خان نے 31 رنز اسکور کئے۔ گلشن معمار کے نہال احمد نے تباہ کن بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے صرف 21 رنز دیکر پانچ کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا جبکہ عبدالرحمن نے دو وکٹیں حاصل کیں۔ جواب میں گلشن معمار کرکٹ کلب نے مطلوبہ ہدف 173 رنز 20 اوورز میں تین وکٹوں کے نقصان پر پورا کرلیا۔ عبیدالرحمن نے جارحانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 14 چوکوں اور دو چھکوں کی مدد سے 55 گیندوں پر 92 رنز اسکور کئے جبکہ سید عبدالوکیل نے ناقابل شکست 51 رنز اسکور کئے۔ ظفر خان نے دو کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا۔ امپائرنگ کے فرائض جاوید جعفری اور اور عرفان عنایت نے سرانجام دئیے۔