کنٹرول لائن پر بھارتی فائرنگ جاری، نائیک شہید ، پاک فوج کی جوابی کاروائی
تتہ پانی / اسلام آباد (نامہ نگار+ نوائے وقت رپورٹ) بھارتی فوج نے ایل او سی پر جنگ بندی معاہدے کی ایک بار پھر خلاف ورزی کی ہے آئی ایس پی آر کے مطابق بھارتی فورسز نے لائن آف کنٹرول کے کوٹ کو ٹیرا سیکٹر پر بلا اشتعال فائرنگ کی جس سے نائیک دلنواز شہید ہو گیا 34 سالہ نائیک دلنواز شہید کا تعلق مظفر آباد کے علاقے پنج کوٹ سے تھا پاک فوج نے بھرپور جوابی کارروائی کرتے ہوئے بھارتی چیک پوسٹوں کو نشانہ بنایا۔ لائن آف کنٹرول پر تتہ پانی، درہ شیرخان، سہڑہ سیکٹرز پر بھارتی فوج کی بلااشتعال گولہ باری کا سلسلہ تھم نہ سکا، بھارتی فوج نے مکینوں کی زندگیوںکو اجیران بنادیا، وقفے کے بعددوبارہ گولہ باری سے گرلز انٹرکالج سہڑہ کی عمارت اور دیگر متعدد افراد کے رہائشی مکانوں کو شدید نقصان پہنچا، ایک مکان کی چھت پر بھی گولہ گرا تاہم اہلخانہ معجزانہ طور پر محفوظ رہے، تاہی مواڑہ کے مقام پر بیوہ نزید بیگم ، محمد روائوف، امتیازاحمد ، معروف صدیق کے رہائشی مکانوںجبکہ سہڑہ کے مقام پر گرلزانٹرکالج کی عمارت اور سردار عشرت حسین، طارق بٹ، خورشید بٹ، محمود بٹ اور دیگر کے مکانوں کو شدید نقصان پہنچنے کی اطلاعات موصول ہوئیں۔