مظفر گڑھ میں وین میں آتشزدگی،وزیراعلیٰ کا بچوں کے جاں بحق ہونے پراظہار افسوس،واقعہ کی تحقیقات کا حکم
وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدارنے مظفر گڑھ کے علاقے میں وین میں سلنڈر پھٹنے سے آتشزدگی کے باعث بچوں کے جاں بحق ہونے کے واقعہ پر گہرے دکھ اورافسوس کا اظہارکیا ہے۔وزیراعلیٰ نے ڈپٹی کمشنر اورڈی پی او مظفرگڑھ سے واقعہ کی رپورٹ طلب کر لی ہے اور واقعہ کی تحقیقات کا حکم دیا ہے ۔وزیراعلیٰ نے ہدایت کی ہے کہ اس افسوسناک واقعہ کی ہر پہلو سے تحقیقات کر کے رپورٹ پیش کی جائے۔انہوں نے کہاکہ افسوسناک واقعہ میں بچوں کے جاں بحق ہونے پر مجھے دلی دکھ ہوا ہے۔ وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ متاثرہ بچوں کو ہسپتال میں علاج معالجہ کی بہترین سہولتیں فراہم کی جائیں ۔وز یراعلیٰ نے جاں بحق بچوں کے لواحقین سے دلی ہمدردی اورتعزیت کا اظہار کیا ہے۔مزید براں وزیراعلیٰ نے مشیر صحت حنیف پتافی کو فوری طو رپر نشتر ہسپتال ملتان روانہ ہونے کی ہدایت کی ۔انہوں نے کہاکہ حنیف پتافی جھلس جانے والے بچوں کو بہترین طبی سہولتوں کی فراہمی یقینی بنائیں اوران کے علاج معالجے کی خود نگرانی کریں۔