افضل بٹ کی سابق وزیراعظم نوازشریف سے ملاقات ، نیب میں پیشی کے موقع پر صحافیوں پر تشدد پر شدید احتجاج
اسلام آباد (این این آئی)پی ایف یو جے کے صدر افضل بٹ کی سابق وزیراعظم میاں نوازشریف سے ملاقات ، نوازشریف کی نیب میں پیشی کے موقع پر صحافیوں پر تشدد پر شدید احتجاج، سابق وزیراعظم کا واقعہ پر اظہار افسوس، آئندہ اس طرح کے واقعات کی روک تھام یقینی بنانے کا حکم، طلالچوہدری کی سربراہی میں کمیٹی تشکیل دے دی گئی۔ تفصیلات کے مطابق پی ایف یو جے کے صدر افضل بٹ نے سابق وزیراعظم نوازشریف سے ملاقات کر کے آئے روز صحافیوں پر تشدد کے بڑھتے ہوئے واقعات پر شدید احتجاج کیا۔ اس موقع پر سابق وزیراطلاعات پرویز رشید، اسحاق ڈار، دانیال عزیز، خواجہ سعد رفیق، حنیف عباسی، محسن شاہ نواز رانجھا اور بیرسٹر عابد شیخ بھی موجود تھے۔ سابق وزیراعظم نوازشریف نے کہا کہ ہم جمہوریت پر یقین رکھتے ہیں اور سمجھتے ہیں کہ مضبوط جمہوریت کے لئے مضبوط میڈیا ضروری ہے۔ میں خود آزادی صحافت کا علمبردار ہوں اور آزادی صحافت پر یقین رکھتا ہوں۔ انہوں نے تشدد کے واقعہ پر گہرے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے مسلم لیگی قیادت کو اس طرح کے واقعات کی روک تھام یقینی بنانے کی ہدایت کی۔