آج دنیا بھر میںعالمی یوم سیاحت منایا جائے گا
اسلام آباد ( نوائے وقت نیوز) آج دنیا بھر میں عالمی یوم سیاحت منایا جائے گا۔عالمی یوم سیاحت کی مناسبت سے پاکستان ٹورازم ڈیویلپمنٹ کارپوریشن نے 27ستمبر کو فلشمین ہوٹل میں سیمینار اور دو روزہ تصویری نمائش کا انتظام کیا ہے ۔ وفاقی وزیر برائے وفاقی تعلیم اور ٹیکنیکل ٹریننگ انجینئر بلیغ الرحمن اس موقع پر مہمان ِ خصوصی ہوں گے۔ سیاحتی شعبے سے تعلق رکھنے والے ماہرین تقاریر کریں گے جبکہ 300سے زائد ٹریول ایجنٹس، ٹور آپریٹرز، ہوٹلییر اور طلبا و طالبات سیمینار میں شرکت کریں گے۔ عالمی یوم ِ سیاحت ہر سال 27ستمبر کویو این ڈبلیو ٹی او کے نامزد کردہ تھیم کے تحت منایا جاتا ہے۔ یو این ڈبلیو ٹی او نے اس سال عالمی یوم سیاحت کی تھیم ©"پائیدار سیاحت۔ترقی کا ایک ذریعہ" (Sustainable Tourism - A Tool for Development ) ہے۔یواین ڈبلیو ٹی او کی عالمی یوم سے سیاحت کی سرکاری تقریبات 27ستمبر کو دوہا میں منعقد ہو رہی ہیں جس میں شرکت کیلئے سیکریٹری جنرل طالب رفاعی کی دعوت پر منیجنگ ڈائریکٹر پاکستان ٹورازم چوہدری عبدالغفور قطر روانہ ہو چکے ہیں۔ چوہدری غفور سرکاری تقریبات کے ہائی لیول تھنک ٹینک میں بطور مہمان سپیکر مدعوہیں۔ سیاحت کے عالمی دن پردوہا سے اپنے پیغام میں منیجنگ ڈائریکٹر پی ٹی ڈی سی چوہدری عبدالغفور نے کہا ہے کہ اس دن کے منانے کا مقصد ہے کہ ملک میں سیاحت کی ترقی و فروغ کیلئے اپنے مقاصد کو جاری رکھیں ۔ ہم یہ دن دنیا بھر کے ساتھ مل کر منا رہے ہیں اور دنیا کو پیغام دینا چاہتے ہیں کہ ہم نہ صرف شاندار ماضی کی روایتوں کے امین ہیں بلکہ ہمار ا مستقبل بھی نہایت روشن ہے اور ہم ملک میں سیاحت کی ترویج و ترقی کیلئے کوشاں ہیں۔