عوام کو پینے کے صاف پانی کی فراہمی یقینی بنائی جائے: غلام مصطفی پھل
نواب شاہ(نامہ نگار) سپریم کورٹ آف پاکستان کی خاص ہدایت پر عوام کو پینے کے صاف پانی کی فراہمی کو یقینی بنانے اور ڈویژن کی عوام کو صاف پانی فراہم کرنے کے سلسلے میں ایک اجلاس ڈویژنل کمشنر شہید بے نظیر آباد غلام مصطفی پھل کی صدارت میں کمشنر آفس کے کمیٹی روم میں منعقد ہوا۔ اس موقع پر کمشنر نے محکمہ پبلک ہیلتھ انجینئرنگ کے افسران کو ہدایات کرتے ہوئے کہا کہ محکمہ پبلک ہیلتھ انجینئرنگ میں جو بھی ترقیاتی اسکیمیں چل رہی ہیں ان کو چھ ماہ کے اندر مکمل کیا جائے اور رپورٹ پیش کی جائے کے کتنی اسکیمیں کام کررہی ہیں اور کتنی ناکارہ ہیں اور کتنی اسکیمیں چھ ماہ میں مکمل کی جائیں گی۔ انہوں نے یہ بھی ہدایت کی کہ ڈویژن کی عوام کو پینے کے صاف پانی کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے۔ کمشنر نے ڈپٹی کمشنروں کو یہ بھی ہدایت دی وہ اپنے اپنے اضلاع میں چھوٹی اور بڑی سرکاری اسپتالوں سے پینے والے پانی کے سیمپل لیکر لیبارٹری سے ٹیسٹ کرائے جائیں تاکہ پتہ چلے کے پانی پینے جیسا ہے یا نہیں۔