بین الاقوامی برادری علاقائی امن و استحکام کےلئے پاکستانی اقدامات کو تسلیم کرے‘ وزیراعظم
اسلام آباد (وقائع نگار خصوصی) وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس ہوا وفاقی کابینہ کو بتایاگیاکہ رواں سال نومبر تک لوڈشیڈنگ میں ناقابل یقین حد تک کمی ہوجائے گی سیکرٹری توانائی نے بجلی کی طلب اور رسد پر کابینہ کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ 2013 ءسے جون2017 ءتک 6107 میگاواٹ بجلی سسٹم میں شامل ہوئی ہے۔ ٹرانسمیشن اور ڈسٹری بیوشن کے نظام میں بہتری سے متعلق بھی بتایا گیاوفاقی کابینہ نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں پاکستان کی بھرپور نمائندگی اور وزیراعظم کے جرات مندانہ موقف کو سراہا جبکہ وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ پاکستان باہمی احترام ، مساوات اور شراکت داری پر مبنی علاقائی اور بین الاقومی طاقتوں کے ساتھ مسلسل تعاون چاہتا ہے، بین الاقومی برادری پاکستان کی علاقائی امن اور استحکام کیلئے بڑی قربانیوں اور کوششوں کی تعریف کرے اور انھیں تسلیم کرے۔ کابینہ کو ای سی سی کے 29اگست کے فیصلوں سے متعلق بھی بریفنگ دی گئی ۔ وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے جنرل اسمبلی میں مسئلہ کشمیر اٹھانے اور بھارتی رویئے سے آگاہ کیا۔ وزیراعظم نے ترکی ، ایران اور اردن کے صدور سے ہونے والی ملاقاتوں کی تفصیلات بتائیں ۔ وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے امریکی نائب صدر سے ملاقات کے بارے میں بھی آگاہ کیا۔ وزیراعظم نے کہاکہ پاکستان باہمی احترام ،مساوات اور شراکت داری پر مبنی علاقائی اور بین الاقومی طاقتوں کے ساتھ مسلسل تعاون چاہتا ہے۔ انہوں نے کہاکہ بین الاقومی برادری پاکستان کی علاقائی امن اور استحکام کیلئے بڑی قربانیوں اور کوششوں کی تعریف کرے اور انہیں تسلیم کرے۔کابینہ نے سینڈک کاپر گولڈ پراجیکٹ کی لیز کنٹریکٹ میں پانچ سال توسیع کی منظوری بھی دیدی۔ موجودہ لیز معاہدے کی مدت 31 اکتوبر 2017 ءکو ختم ہو رہی تھی۔کابینہ نے پی ٹی اے (ری آرگنائزیشن)کے ایکٹ1996 کے سیکشن8کے تحتفائیو جی ٹیکنالوجی کے حوالے سے پی ٹی اے کو نیا پالیسی حکم نامہ جاری کرنے کی منظوری بھی دی تاکہ5جی ٹیکنالوجی کی مارکیٹ جانچ کو قابل استعمال بنایا اوراس بات کو یقین بنایا جاسکے کہ نئی ٹیکنالوجی مارکیٹ سے تیار ہے ۔کابینہ نے رضوان میر کو یونیورسل سروس فنڈ کا چیف ایگزیکٹو افسر تعینات کرنے ، ایئر کموڈور شمس الحق کو ایئر ناٹیکل کمپلیکس بورڈ کامرہ کا ممبر کمرشل مقرر کرنے کی منظوری بھی دی ۔ کابینہ نے ایئر کموڈور عامر حبیب اللہ مکین کو ممبر ٹیکنیکل مقرر کرنے کی منظوری دی ۔ کابینہ نے ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج راجہ پرویز اختر کو راولپنڈی خصوصی عدالت کا جج تعینات کرنے کی بھی توثیق کی ۔ کابینہ نے ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج رائے نذیر احمد کو لاہوربنکنگ کورٹ 2کا جج تعینات کرنے کی بھی منظوری دی۔ وفاقی کابینہ نے جسمانی طور پر معذور خصوصی افراد سے متعلق بھی ایک تجویز کی منظوری دی ہے۔ تجویز کے مطابق یہ خصوصی افراد بھی تمام گروپس/ سروسز کے مقابلے کے امتحان میں شرکت کے اہل ہوں گے۔