احتساب عدالت نیب ریفرنس میں آج اسحاق ڈار پر فرد جرم عائد کریگی
اسلام آباد (نامہ نگار) احتساب عدالت آج (بدھ کو) وفاقی وزیر خزانہ سحاق ڈار پر آمدن سےزائد اثاثہ جات کے حوالے سے نیب ریفرنس میں آج فرد جرم عائد کرے گی ، جبکہ اسحاق ڈار 25 ستمبرکے عدالتی حکم پر مزید 50 لاکھ کے مچلکے جمع کروائیں گے، احتساب عدالت کے جج بشیر احمد نیب کی جانب سے دائر ریفرنس کی سماعت کریں گے یاد رہے کہ سوموار 25 ستمبر کو وفاقی وزیر خزانہ اسحق ڈار نے آمدن سے زائد اثاثے بنانے کے حوالے سے قومی احتساب بیورو (نیب)کی جانب سے دائر ریفرنس میں اسلام آبادکی احتساب عدالت میں پیش ہو کر 10لاکھ روپے کے دو مچلکے جمع کرا دیئے تھے جس پر عدالت نے ان کے قابل ضمانت وارنٹ گرفتاری منسوخ کرتے ہوئے ضمانت منظورکرلی تھی عدالت نے ان پرفرد جرم عائد کرنے کے لئے ریفرنس، جے آئی ٹی رپورٹ اور دیگر منسلک دستاویزات کی 23جلدیں اسحاق ڈار کے حوالے کر دی تھیں۔ عدالت نے کیس کی سماعت روزانہ کی بنیاد پرکرنے کا عندیہ بھی دیا تھا۔ یاد رہے کہ اس مقدمہ میں کوئی اور شریک ملزم نہیں ہے اس لئے امکان ہے کہ اس ریفرنس کی باقائدہ سماعت کا آج ہی آغاز کر دیا جائے گا۔ ذرائع کے مطابق اسحاق ڈار کے وکیل کی جانب سے وفاقی وزیرخزانہ کوپیشی سے استثنی کی درخواست دائر کی جائے گی۔
اسلام آباد (صباح نیوز) وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر اسحاق ڈار نے واضح کیا ہے کہ وزارت سے مستعفی نہیں ہو رہا ہوں‘ معمول کے مطابق وزارت کے معاملات نمٹا رہا ہوں ۔ نوازشریف کی پریس کانفرنس کے بعد میڈیا کے استفسار پر اسحاق ڈار نے کہا کہ وہ بدستور وزارت خزانہ کا کام جاری رکھیں گے استعفیٰ کی افواہوں میں کوئی صداقت نہیں۔ یہ قیاس آرائی ہے ایسا کچھ نہیں۔ انہوں نے کہا کہ وہ معمول کے مطابق وزارت خزانہ کے امور کو نمٹا رہے ہیں اور اجلاسوں کی صدارت کررہے ہیں۔ مستعفی ہونے کا ہونے کا فیصلہ کیا ہے نہ مستقبل میں ایسا کوئی امکان ہے ۔