آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ آئندہ ماہ افغانستان کا دورہ کریں گے
اسلام آباد (جاوید صدیق) قابل اعتماد ذرائع نے نوائے وقت کو بتایا ہے کہ چیف آفآرمی سٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ اگلے ماہ کے اوائل میں افغانستان کا دورہ کریں گے۔ ان ذرائع کے مطابق آرمی چیف کے دورہ افغانستان کے لئے تیاریوں کا آغاز ہو چکا ہے۔ اس دورے کو حتمی شکل دینے کے لئے پاکستان میں افغانستان کے سفیر حضرت عمرزاخیل وال کابل جا رہے ہیں۔ آرمی چیف کے دورہ افغانستان اور وہاں کی اعلیٰ سول اور عسکری قیادت سے ملاقاتوں کے نتیجے میں پاکستان اور افغانستان کے درمیان پائی جانے والی غلط فہمیوں کا ازالہ ہو سکے گا۔ واضح رہے کہ افغان صدر اشرف غنی نے حال ہی میں نیویارک میں جنرل اسمبلی کے اجلاس کے موقع پر پاکستان کےساتھ مذاکرات کرنے اور دہشت گردی کے خلاف تعاون کی خواہش کا اظہار کیا تھا۔ آرمی چیف کے دورہ افغانستان سے پاک افغان تعلقات میں کچھ عرصہ سے پائی جانے والی سردمہری کا خاتمہ ہو گا۔