12بجے جاگنے والے سیاستدان کی اسمبلی حاضری دیکھیں تو گڈگورننس کا حال سامنے آجائیگا: عائشہ گلا لئی
اسلام آباد(خصوصی نمائندہ)پاکستان تحریک انصاف نے عائشہ گلا لئی کے خلاف ریفرنس میں مزید دستاویزات الیکشن کمیشن میں جمع کرادیں مزید سماعت چار اکتوبر تک ملتوی کر دی گئی ۔گزشتہ روز چیفالیکشن کمشنر سرداررضا کی سربراہی میںپانچ بینچ نے عائشہ گلالئی کے خلاف ریفرنس پرسماعت کی ۔ عائشہ گلالئی کے وکیل بیرسٹر مسرور نے بتایا کہ عائشہ گلالئی کے جواب پر پی ٹی آئی نے مزید دستاویزات جمع کرائی ہیں، ہم نئی دستاویزات کے مطابق اپنا جواب جمع کرائیں گے۔ عائشہ گلالئی کے وکیل کا کہنا تھا کہ لگتا ہے بنی گالہ میں ثبوتوں کی فیکٹری لگ گئی ہے۔دوران سماعت چیف الیکشن کمشنرنے پی ٹی آئی کے وکیل سکندر بشیر سے سوال کیا کہ یہ دستاویزات سپیکر قومی اسمبلی کی بجائے الیکشن کمیشن میں کیوں جمع کرائی گئی ہیں جس پر پی ٹی آئی کے وکیل کا کہنا تھا کہ مذکورہ دستاویزات قومی اسمبلی میں بھی جمع کرائی جاچکی ہیں ، جس پر الیکشن کمیشن نے عائشہ گلالئی کے وکیل کی جانب سے دستاویزات پرجواب جمع کرانے کے لئے مہلت کی استدعا پرسماعت4اکتوبر تک ملتوی کردی۔الیکشن کمیشن کے باہر سماعت کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عائشہ گلالئی کے وکیل نے کہا کہ میری موکل کی جانب سے تفصیلی جواب دیکھتے ہی بنی گالہ کی فیکٹری سے ثبوت نکلنے لگتے ہیں، آئندہ سماعت پر ان ثبوتوں پر بحث کی جائے گی، انہوں نے خدشہ ظاہر کیا کہ ایسا نہ ہوں کہ اس موقع پر بنی گالہ کی فیکٹری سے مزید ثبوت نہ نکل آئیں۔پی ٹی آئی کی منحرف رہنما عائشہ گلالئی نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کچھ سیاسی جماعتوں کی جانب سے پاک فوج کو سیاست میں گھسیٹنا افسوس ناک عمل ہے، انہوں نے فاٹا کو خیبرپختونخوا میں ضم کرنے کے مطالبے کی بھی حمایت کی۔ سابق وزیراعظم شہید محترمہ بے نظیر بھٹو کو دنیا کی خواتین کے لئے مثال قرار دیتے ہوئے کہا کہ خواتین کو گھروں میں بند رکھنااور انہیں مناسب تعلیم نہ دیناپردہ نہیں ہے۔ سیاسی جماعتوں کی جانب سے پاک فوج کو بدنام کرنے کی مہم افسوسناک ہے پاک فوج ایک منظم ادارہ ہے اس کو سیاست میں گھسیٹنے سے ملک کی بدنامی ہوگی ،معاشرے میں خواتین کو اس کا جائز مقام دیا جائے۔ کچھ سیاستدان دن کے 12 بجے جاگتے ہیں اور ایک گھنٹہ بھی پیدل نہیں چل سکتے ہیں اگر ان کی اسمبلی میں حاضریاں دیکھیں تو ان کی گڈ گورننس کا حال بھی سب کے سامنے آجائے گا ۔اچھی بات ہے کہ ملک میں سیاستدانوں کے ذریعے اداروں کا احترام ہو ہر آئینی ادارے میں پیش ہو کر اپنا موقف پیش کرنا چاہیے اور یہی کام وہ خود بھی کر رہی ہیں۔پاک فوج کے سپاہی ہماری بقا کی جنگ لڑ رہے ہیں اسے سیاست کا نشانہ نہیں بنانا چاہئے۔انہوں نے کہاکہ ملک کی خواتین کےلئے بے نظیر بھٹو ایک مثال ہیں وہ ہمت و جرات کی تصویر تھی۔خواتین کا اصل پردہ یہ ہے کہ ان کوتعلیم اور ہنر کا دیں انہوں نے کہاکہ خواتین کو اسپورٹس میں آنے دیں وہ ملک کا نام روشن کریں گی۔