مسلم لیگ حکومت کی پالیسیوں سے معیشت مضبوط، لوڈشیڈنگ قریباً ختم ہوئی:شہباز شریف
لاہور(اے این این )وزیراعلیٰ شہبازشریف نے کہا ہے کہ حکومت کی محنت رنگ لے آئی، سسٹم میں ہزاروں میگاواٹ بجلی آنے سے لوڈشیڈنگ بڑی حد تک ختم ہوگئی، سابق حکمرانوںنے قومی وسائلپر صرف اپنے ہاتھ ہی صاف کیے ،پاکستان کو کنگال ورمعیشت کو بدحال کیا، ایک پارٹی نے ملک میں اندھیرے پھیلائے تو دوسرے ٹولے نے ان اندھیروں کو دور کرنے کی ہماری کاوشوں میں رکاوٹیں کھڑی کیں،قوم کی مشکلات بڑھانے والوں کوعوام کی عدالت میں جواب دینا پڑے گا۔ وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے ان خیالات کا اظہار لندن میں پاکستان مسلم لیگ(ن) کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہاکہ گزشتہ کئی برس سے پاکستان پر چھائے اندھیرے ختم ہونے کا وقت آ گیا ہے۔پاکستان مسلم لیگ (ن) کی حکومت کی شب و روز کی محنت رنگ لائی ہے اور یہ موجودہ حکومت کی کاوشوں کا ثمر ہے کہ سسٹم میں ہزاروں میگا واٹ بجلی شامل ہوچکی ہے اور پاکستان میں لوڈشیڈنگ بہت حد تک ختم ہوچکی ہے۔ ساہیوال کول پاور پلانٹ سے 1320میگا واٹ بجلی کی پیداوار حاصل ہورہی ہے جبکہ گیس کی بنیاد پر 3600میگاواٹ کے پاورپلانٹس ریکارڈ مدت میں مکمل کئے گئے ہیں ، اسی طرح قائداعظم سولر پارک بہاولپو ر میں 400 میگا واٹ سولر کے منصوبے مکمل ہو چکے ہیں۔ پنجاب حکومت نے توانائی کی مستقبل کی ضروریات کے پیش نظر 1200میگا وا ٹ کا نیا گیس پاور پلانٹ لگانے کا فیصلہ کیا ہے۔ گیس سے بجلی کے حصول کے منصوبوں سے عوام کو بجلی سستی ملے گی۔جہد مسلسل کی نئی تاریخ رقم ہوئی ہے اور اس حوالے سے کریڈٹ پاکستان مسلم لیگ (ن) کی حکومت کو جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ 3600میگاواٹ کے گیس منصوبوں میں غریب قوم کے 168ارب روپے بچائے گئے ہیں ۔ توانائی منصوبے ملک کی ترقی اور خوشحالی کے ضامن ہیں جن سے کروڑوں عوام کو فائدہ ہوگا۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ سابق حکمرانوں کی مجرمانہ غفلت کے باعث ملک اندھیروں میں ڈوبتا چلا گیا۔ سابق حکمرانوںنے قومی وسائل پر اپنا ہاتھ تو ضرور صاف کیا لیکن بجلی بحران پر کوئی توجہ نہ دی۔ قومی وسائل کی لوٹ مار کرنے والوں نے پاکستان کو کنگال او رمعیشت کو بدحال کیا۔ ایک گروپ نے ملک میں اندھیرے پھیلائے تو دوسرے گروپ نے ان اندھیروں کو دور کرنے کی کاوشوں میں رکاوٹیں کھڑی کیں۔ عوام کی مشکلات بڑھانے والوں کوعوام کی عدالت میں جواب دینا پڑے گا۔ انہوں نے کہا کہ چین نے پاکستان میں مختلف شعبوں میںاربوں ڈالر کی سرمایہ کاری کی ہے اور 36ارب ڈالر سے زائد کی سرمایہ کاری صرف توانائی کے منصوبوں میں کی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ(ن) کی حکومت کی معاشی پالیسیوں کے باعث قومی معیشت مضبوط ہوئی ہے اور ترقی و خوشحالی کے سفر کو مزید آگے بڑھائیں گے۔