کلبھوشن یادیو سمیت پاکستان میں بھارتی مداخلت پر ڈوزیئر تیار کر رہے ہیں جو اقوام متحدہ اور دیگر ممالک کو بھیجا جائے گا : سرتاج عزیز
قومی اسمبلی میں بھارت کی جانب سے سندھ طاس معاہدہ ختم کرنے کی دھمکیوں سے متعلق تحریک انصاف کے توجہ دلاؤ نوٹس کا جواب دیتے ہوئے مشیرخارجہ سرتاج عزیز کا کہنا تھا کہ بھارت پاکستان آنے والے دریاؤں پر تیس سے پینتیس بند بنا چکا ہے، بھارت ان دریاؤں پر رن آف ریور تو کم کر سکتا ہے مگر پانی روک نہیں سکتا. بھارت کی جانب سے سندھ طاس معاہدے کی بڑی خلاف ورزی نہیں کی گئی، سندھ طاس معاملے کو اٹھا کر بھارت پاکستان پر دباؤ بڑھانے کی کوشش کر رہا ہےلیکن پاکستان کسی بھی قسم کا بھارتی دباؤ قبول نہیں کرے گا. مشیرخارجہ سرتاج عزیز کا کہنا تھا کہ سندھ طاس معاہده پاک بھارت دوطرفہ معاہده ہے جو جنگوں اور کارگل سیاچن کشیدگی کے دوران بھی معطل نہیں ہوا، ورلڈ بنک اس معاہدے کا سہولت کار تھا لیکن اس کی کچھ اور بھی ذمہ داریاں ہیں، اس کا کردار ضامن کی طرح کا ہے . انہوں نے کہا کہ کلبھوشن یادیو سمیت پاکستان میں بھارتی مداخلت پر ڈوزیئر تیار کر رہے ہیں جو اقوام متحدہ اور دیگر ممالک کو بھیجا جائے گا ۔