حکومت نام نہاد طالبا ن کے خلاف کارروائی کرے ، ثروت قادری
کراچی ( نیوز رپورٹر )سنی تحریک محمد ثروت اعجاز قادری نے کہا ہے ملک سے دہشتگردی کے خاتمے اور معیشت کو ڈوبنے سے بچانے کیلئے مثبت ٹھوس اقدامات کی ضرورت ہے ، ڈالر کی قیمت میں دن بدن اضافہ مہنگائی کے ڈرون حملے کا عندیہ دے رہا ہے ، حکومت قرضے لینے کے بجائے اپنے ہی وسائل پر انحصار کرے ، عوام پہلے ہی مہنگائی سے پریشان حال اور روزگار نہ ملنے پر خودکشیاں کررہے ہیں ، دہشتگرد ملک کی سلامتی کیلئے خطرہ بن چکے ہیں ، حکومت طالبان سے ٹیبل لگانے سے پہلے ملک کی تمام سیاسی ومذہبی جماعتوں کو اعتماد میں لے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنی رہائش گاہ قادری ہاﺅس پر حضرت سخی شاہ سلطان ہاشمیؒ کے گدی نشین عبدالقیوم عاجز سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ، اس موقع پر میرپور کے ضلعی کنوینر عبدالطیف قادری ، فرید عالم بھی موجود تھے ، ثروت اعجاز قادری نے کہا کہ حکومت کسی دباﺅ میں آئے بغیر نام نہاد طالبان کے خلاف کارروائی عمل میں لائے ۔ سوات ، مالاکنڈ میں اپنے بناوٹی مذہب کے نام پر بے گنا ہ افراد کی گردنوں کو کاٹا ، مساجد ، مزارات پر حملے کئے اور کراچی میں دہشتگردی کے واقعات میں بھی ان کے ہاتھ خون سے رنگے ہیں ، عوام کے خون کا سوداہرگز نہیں ہونے دیں گے ، حکومت پارلیمانی اور غیر پارلیمانی جماعتوں کی اے پی سی بلائے تاکہ دہشتگردی کے خاتمے کیلئے متفقہ مشترکہ لائحہ عمل طے کیا جاسکے ۔