یونیورسٹیوں میں انتظامی معاملات بہتر بنانے کےلئے ترامیم کریںگے‘ قائم علی شاہ
کراچی ( وقائع نگار ) وزیر اعلیٰ سندھ سیدقائم علی شاہ نے کہا ہے کہ یونیورسٹیوں کے کنٹرولنگ پاورز کی سندھ حکومت کو منتقلی کا مقصد سندھ میںیونیورسٹیوں میں معیار تعلیم کو بلند کرنا اور ماحول اور صورتحال کو بہتر بنانا ہے۔ ان مقاصد کے حصول اور انتظامی سطح پر بہتری کو یقینی بنانے کے لئے مزید ترامیم کی جائیں۔ یہ بات انہوں نے وزیر اعلیٰ ہاﺅس میں موثر گورننس کے لئے قانونی اور انتظامی پہلوﺅں کے حوالے سے تشکیل دی گئی کمیٹی کے جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔ قائم علی شاہ نے کہا کہ کافی عرصے سے یونیورسٹیوں میں مختلف مسائل اور مشکلات تھیں جن پربہتر طریقہ کار وضع کر کے قابو پایا جا سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم لیگل کور کے ساتھ ایک جامع حکمت عملی وضع کریںگے تاکہ اکیڈمک فیکلٹی کے ساتھ ساتھ طلباء کو بہتر ماحول میسر آ سکے۔ پی پی کی جانب سے عوامی حقوق کے تحفظ کے لئے کی جانے والی قانون سازی کو عملی طورپر لوگوں کے بنیادی حقوق کے لئے لیگل کور کو یقینی بنایا جائے گا۔ قائم علی شاہ نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ وہ سلطنت مراکو کے سفارت کاروں کے ساتھ تفصیلی اجلاس منعقد کریں اور مختلف شعبوں کی نشاندہی کی جائے جن میں صوبہ سندھ اور سلطنت مراکو کے مابین برادرانہ تجارت کو فروغ دیا جاسکے۔ وزیر اعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ نے سندھ رےونیو بورڈ ( ایس آر بی) کی کارکردگی اور حاصلات کو سراہا اور کہا کہ وہ رواں مالی سال 2012۔13 کے دوران 42 ارب روپے کے ٹیکس ریکوری کے ہدف کے حصول کے لئے اپنی کوشش تیز کرے۔ قائم علی شاہ نے کہا ہے کہ نیو سندھ سیکریٹریٹ کی 15منزلہ عمارت کی تعمیر کی اسکیم کی منظوری دی جاچکی ہے تاکہ کراچی میں سندھ سیکریٹریٹ میں اپنے کام وغیرہ کے لئے آنے والے افراد کو سہولیات اور انہیں خوشگوار ماحول میسر آسکے اور سیکریٹریٹ میں کام کرنے والے ملازمین کو بھی اچھا ماحول ملے تاکہ وہ بہتر طریقے سے اپنے دفتری امور نمٹا سکیں ۔
قائم علی شاہ