اوگرا نے پبلک ٹرانسپورٹ سے سی این جی سلنڈر اتارنے سے روک دیا
راولپنڈی (این این آئی) آ ئل اینڈ گیس ریگولیڑی اتھارٹی(اوگرا) نے چاروں صوبوں کی ٹرانسپورٹ اتھارٹی کو پبلک سروس گاڑیوں سے سی این جی گیس سلنڈر اتارنے کے اقدام سے روک دیا ہے اور اتارے جانے والے سلنڈرز کی مروجہ قانون کے مطابق گاڑی مالکان کو واپسی اور انہیں نصب کرنے کی اجازت دے دی ہے۔ اس بات کا فیصلہ اوگرا حکام نے چاروں صوبوں کے ٹرانسپورٹ سیکرٹریز، آئی جیز، ٹرانسپورٹ اورسی این جی نمائندوں کے ساتھ مشترکہ اجلاس کے دوران کیا گیا۔ چیئرمین متحدہ ٹرانسپورٹ فیڈریشن راجہ ریاض نے کہا کہ مشرف دور میں ٹرانسپورٹ کو زبردستی سی این جی کیا گیا تاکہ ماحولیاتی آلودگی کے خاتمہ اور عوام کو سستی سفری سہولیات فراہم کی جا سکے ٹرانسپورٹرز نے کروڑوں روپے کے لاگت سے سی این جی سلنڈر گاڑیوں میں لگوائے سابقہ دور حکومت میں بھی پبلک ٹرانسپورٹ سے سی این جی ختم نہیں کی گئی اب ٹرانسپورٹ اتھارٹی نے سی این جی سلنڈر اتارنے شروع کر دیئے جس سے سرکاری اداروں میں کرپشن کا بازار گرم ہو گیا اور ٹرانسپوٹرز کے گھروں کے چولہے ٹھنڈے ہو گئے۔ اس ظالمانہ اقدام کو فوری واپس لیا جائے۔ چیئرمین اوگرا نے ٹرانسپوٹرز کے مسائل کے فوری حل کے لئے سی این جی ایسوسی ایشن کے صدر غیاث پراچہ، چیئرمین متحدہ ٹرانسپورٹ فیڈریشن راجہ ریاض، ٹرانسپورٹ اتھارٹی اور اوگرا کے نمائندے پر مشتمل چار رکنی کمیٹی تشکیل دے دی جو اس با ت کو یقینی بنائے گی جن گاڑیوں سے سی این جی سلنڈر اتارے گئے انہیں اوگرا قوانین کی روشنی میں دوبارہ نصب کیا جا سکے جبکہ اوگرا قوانین کی خلاف ورزی کے مرتکب ٹرانسپوٹروں کے خلاف کمیٹی کی سفارشات کی روشی میں متعلقہ ادارے قانونی کاروائی بھی عمل میں لا سکیں گے۔