سپریم کورٹ کی صدر زرداری کے ملک چھوڑنے پر پابندی لگانے سے متعلق درخواست میمو گیٹ سکینڈل سے الگ کرنے کی ہدایت
اسلام آباد (نمائندہ نوائے وقت) سپریم کورٹ نے سابق صدر زرداری کے ملک چھوڑنے پر پابندی لگانے سے متعلق آئینی درخواست کی سماعت کرتے ہوئے درخواست کو میمو گیٹ سکینڈل کیس سے علیحدہ کرنے اور کسی دوسرے بنچ کو بھجوانے کی ہدایت کی ہے۔ سابق صدر کا نام ای سی ایل پر ڈالنے کے حوالہ سے درخواست کی سماعت بھی دوسرا بنچ ہی کرے گا۔ جسٹس افتخار محمد چودھری کی سربراہی میں تین رکنی بنچ نے شاہد اورکزئی کی درخواست کی سماعت کی جس میں انہوں نے موقف اختیار کیا تھا کہ ان کی اس درخواست کو میمو گیٹ سکینڈل کیس سے علیحدہ کر کے سنا جائے، فاضل عدالت نے مذکورہ حکم جاری کرتے ہوئے کیس نئے بنچ کو بھجوانے کی ہدایت کی تاہم آصف علی زرداری کے ملک چھوڑنے پر پابندی اور ان کا نام ای سی ایل پر ڈالنے کا معاملہ نئے بنچ پر چھوڑ دیا۔