میڈیکل کالجز میں داخلے کے لئے انٹری ٹیسٹ کے نتائج کا اعلان، مشہود اقبال اول رہے
لاہور (نیوزر پورٹر) یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز لاہور نے میڈیکل و ڈینٹل کالجوں میں داخلے کیلئے ہونے والے انٹری ٹیسٹ کے نتائج کا اعلان کر دیا۔ مجموعی طور پر 41,677 امیدواروں نے انٹری ٹیسٹ میں شرکت کی جن میں سے 19,063 نے 60 فیصد اور اس سے زائد نمبر حاصل کئے۔ ملتان کے مشہود اقبال ولد ملک محمد اقبال نے 1076 نمبر حاصل کر کے پہلی پوزیشن حاصل کی۔ فیصل آباد کے شہواز احمد اور گوجرانوالہ کی وجیہہ نوید دختر نوید ظفر بالترتیب 1070 اور 1065 نمبرحاصل کر کے دوسری اور تیسری پوزیشن پر رہے۔ انٹری ٹیسٹ میں اہل قرار پانے والے امیدوار 20 سرکاری میڈیکل و ڈینٹل کالجوں میں 3405 ایم بی بی ایس اور 216 بی ڈی ایس سیٹوں کیلئے ایک دوسرے کے مدمقابل ہوں گے جبکہ پرائیویٹ سیکٹر میں قائم 28 میڈیکل کالجوں میں ایم بی بی ایس کی 3050 جبکہ 12 ڈینٹل کالجوں میں بی ڈی ایس کی 715 سیٹیں اس کے علاوہ ہیں۔ سرکاری میڈیکل کالجوں میں داخلہ فارم 21 اکتوبر سے مفت دستیاب ہوں گے۔ درخواست فارم جمع کرانے کی آخری تاریخ 26 اکتوبر ہو گی۔کلاسزکا آغاز 2 دسمبر سے ہو گا۔