شہباز شریف سے جنرل کیانی‘ نثار کی ملاقات‘ دہشت گردی کیخلاف جنگ‘ سرحدی امور پر تبادلہ خیال
شہباز شریف سے جنرل کیانی‘ نثار کی ملاقات‘ دہشت گردی کیخلاف جنگ‘ سرحدی امور پر تبادلہ خیال
لاہور (خصوصی رپورٹر) آرمی چیف جنرل اشفاق پرویز کیانی اور وزیر داخلہ چودھری نثار علی خان لاہور پہنچے۔ ذرائع کے مطابق دونوں نے وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف کے ساتھ انکی رہائش گاہ 96 ایچ ماڈل ٹاﺅن میں ملاقات کی۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ امریکہ میں وزیراعظم نواز شریف اور بھارتی وزیراعظم منموہن سنگھ کی ملاقات اور دہشت گردی کے حالیہ واقعات کے تناظر میں یہ ملاقات بہت اہمیت کی حامل ہے۔ نوائے وقت نیوز کے مطابق ملاقات میں دہشت گردی کیخلاف جنگ اور سرحدی امور پر بات چیت ہوئی۔ دریں اثناءشہبازشریف سے گزشتہ روز ایرانی قونصل جنرل محمد حسین بنی اسدی نے ملاقات کی۔ ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور، مختلف شعبوں میں تعاون اور دو طرفہ تعلقات کے فروغ کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔ ایرانی قونصل جنرل سے گفتگو کرتے ہوئے شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان اور ایران کے مابین برادرانہ ، دوستانہ اور تاریخی تعلقات ہیں اور وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ یہ تعلقات مزید مضبوط اور مستحکم ہو رہے ہیں۔ پاکستان میں توانائی، انفراسٹرکچر، ٹرانسپورٹ اور دیگر شعبوں میں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع موجود ہیں۔ ایرانی سرمایہ کار پاکستان میں مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کے مواقع سے فائدہ اٹھائیں۔ ایران کے تعاون سے لاہور میں میٹ پراسیسنگ کمپلیکس قائم کیا گیا ہے۔ ایران اور پاکستان کے مابین باہمی تجارت کے حجم میں اضافے کی اشد ضرورت ہے۔ دونوں ملکوں کے درمیان تجارت اور اقتصادی تعلقات کو فروغ دینے کیلئے وفود کا باہمی تبادلہ ہونا چاہئے۔ وقت کا تقاضا ہے کہ دونوں ممالک کے مابین قریبی تعلقات کو تجارتی و اقتصادی تعلقات میں بدلا جائے اور مختلف شعبوں میں تعاون کو فروغ دینے کے ساتھ ساتھ ایک دوسرے کی مہارت سے استفادہ کیا جائے۔ دریں اثناءشہباز شریف نے کہا ہے کہ پولیس کمسن بچی سے درندگی کے واقعہ میں ملوث شیطان صفت ملزم کو جلد از جلد قانون کی گرفت میں لانے کیلئے جدید ٹیکنالوجی کو بروئے کار لائے تاکہ معصوم بچی کے ساتھ زیادتی کے دلخراش واقعہ کے ملزم کو قانون کے مطابق قرار واقعی سزا دلائی جاسکے۔ متاثرہ خاندان کو انصاف کی فراہمی میری ذمہ داری ہے اس مقصد کیلئے آخری حد تک جاﺅں گا۔ وہ گزشتہ روز ایک اعلیٰ سطح کے اجلاس کی صدارت کر رہے تھے جس میں لاہور کے علاقے مغلپورہ میں کمسن بچی زیادتی کیس پر ہونے والی پیش رفت کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ شہباز شریف نے کہا کہ کمسن بچی سے زیادتی انتہائی افسوسناک اور انسانیت سوز واقعہ ہے اور اس گھناﺅنے جرم میں ملوث ملزم انسان نہیں درندہ ہے۔ پولیس واقعہ میں ملوث ملزم کی جلد از جلد گرفتاری کو یقینی بنائے۔ مقدمے کی تفتیش سائنسی بنیادوں پر کی جائے تاکہ ملزم قانون کے مطابق قرار واقعی سزا سے بچ نہ پائے۔ زیادتی کیس پر ہونے والی پیش رفت سے انہیں روزانہ کی بنیاد پر آگاہ رکھا جائے۔ وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ فرانزک ایجنسی کے ماہرین شواہد کے حوالے سے رپورٹ جلد پیش کریں۔
شہباز شریف/ کیانی ملاقات