مقبوضہ کشمیر میں حملوں کے بعد بھارتی میڈیا نے آسمان سر پر اٹھا لیا، بی جے پی کے پاکستان مخالف مظاہرے
مقبوضہ کشمیر میں حملوں کے بعد بھارتی میڈیا نے آسمان سر پر اٹھا لیا، بی جے پی کے پاکستان مخالف مظاہرے
ممبئی + نئی دہلی (آئی این پی) مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کے کیمپ اور پولیس ہیڈ کوارٹرز پر حملوں میں بھارتی فوج کے لیفٹیننٹ کرنل سمیت 14 ہلاکتوں کے واقعات کے بعد بھارتی میڈیا نے ایک بار پھر پاکستان کے خلاف آسمان سر پر اٹھا لیا، بی جے پی اور دوسری انتہا پسند جماعتوں نے پاکستان کے خلاف مظاہرے شروع کر دیئے، بھارت بھر میں کام کرنے والے مختلف زبانوں میں سینکڑوں ٹی وی چینلز، اخبارات کی ویب سائٹس پر پاکستان کو ”دہشت گرد“ اور امن دشمن قرار دیتے ہوئے انتہائی زہریلا پراپیگنڈا اور الزام تراشی شروع کر دی گئی، بھارتی ٹی وی چینلز پر بی جے پی اور دیگر انتہا پسند جماعتوں کے رہنماﺅں اور سابق فوجی افسروں نے پاکستان سے بدلہ لینے کی فضا ہموار کرنا شروع کر دی، بھارتی وزیراعظم سے نیویارک میں پاکستانی وزیراعظم سے 20 ستمبر کی مجوزہ ملاقات فوری منسوخ کرنے کا مطالبہ کر دیا گیا۔ بھارتی ٹی وی چینلز پر پاکستان کے خلاف زہریلے پراپیگنڈا کی شروع کردہ مہم کے دوران انتہا پسند بھارتی سیاستدانوں اور سابق فوجی افسروں نے پاکستان پر انتہائی سنگین الزامات عائد کرتے ہوئے مقبوضہ کشمیر کے واقعات کو ممبئی حملوں کا تسلسل قرار دیا جا رہا ہے، بھارتی سیاسی اور عسکری ماہرین نے کہا کہ پاکستان ایک طرف بھارت کو مذاکرات کی میز پر بلاتا ہے تو دوسری طرف بھارت میں دہشت گردی کراتا ہے، پاکستان نے ممبئی حملوں کے وقت بھی یہی پالیسی اختیار کی تھی۔ سیاسی اور فوجی ماہرین نے اپنی حکومت سے کہا کہ آخر وہ کس بنیاد پر پاکستان سے مذاکرات کرنا چاہتی ہے، مذاکرات کی بنیاد تو پاکستانی دہشت گردوں نے بھارتی فوج پر حملہ کر کے گرا دی ہے، بھارتی میڈیا نے ان حملوں کے بعد ایک بار پھر کشمیر کو بھارت کا اٹوٹ انگ قرار دیتے ہوئے کہا کہ کشمیر بھارت کا حصہ ہے اور پاکستان کو اسے ہر صورت بھولنا ہو گا، بھارتی الیکٹرانک میڈیا سے چلائی جانے والی انتہائی شر انگیز مہم کے ذریعہ بھارتی حکمران جماعت کانگرس اور وزیراعظم منموہن سنگھ پاکستانی وزیراعظم نوازشریف سے 20 ستمبر کی طے شدہ ملاقات منسوخ کرنے کے لئے شدید دباﺅ ڈالا جا رہا ہے۔ دوسری طرف بی جے پی اور دیگر انتہا پسند تنظیموں نے بھارت بھر میں پاکستان کے خلاف مظاہروں کا سلسلہ شروع کر دیا ہے۔
بھارتی میڈیا