بلوچستان اسمبلی: ریکوڈک سے متعلق قرارداد منظور، ڈاکٹر ثمر مبارک بریفنگ کیلئے طلب
کوئٹہ (نوائے وقت رپورٹ+ این این آئی) ریکوڈک پراجیکٹس سے متعلق بلوچستان اسمبلی میں قرارداد منظور کر لی گئی۔ ارکان بلوچستان اسمبلی کو بریفنگ دینے کے لئے ڈاکٹر ثمر مبارک مند کو طلب کر لیا گیا۔ بلوچستان صوبائی اسمبلی کے سپیکر نے چرچ پشاور میں خودکش حملے میں ہلاک ہونیوالوں کیلئے ایک منٹ کی خاموشی اختیار کرنے کی ہدایت کی جس پر تمام ارکان اسمبلی اپنی نشستوں پر کھڑے ہوئے اور سپیکر سمیت تمام ارکان اپنے نشستوں پر کھڑے رہے۔ اجلاس میں مذمتی قرارداد بھی منظور کی گئی۔ علاوہ ازیں جمعیت علماءاسلام کے رکن صوبائی اسمبلی مفتی گلاب نے اس وقت سخت احتجاج کیا جب صوبائی وزیر بے محکمہ اور پشتونخواملی عوامی پارٹی کے رہنما عبدالرحیم زیارتوال قرآن کی آیت کے حوالے سے اسمبلی میں کچھ بیان دے رہے تھے جس پر مفتی گلاب نے کہا کہ صوبائی وزیر اسلام کے بارے میں جو ترجمہ کررہے ہیں وہ غلط ہے ہم کسی کو بھی قرآن کے حوالے سے غلط ترجمہ کرنے کی اجازت نہیں دینگے اس دوران صوبائی وزیر اور مفتی گلاب کے درمیان زبردست نوک جھوک ہوئی تاہم سپیکر نے مداخلت کرکے مسئلے کو مزید خراب ہونے بچا لیا۔ زلزلے میں جاں بحق ہونے والے افراد اپر دیر میں بم دھماکے میں جاں بحق ہونے والے میجر جنرل چمن میں افغان فورسز کی جانب سے فائرنگ میں جاں بحق ہونے والے افراد کے لئے فاتحہ خوانی کرائی گئی۔ علاوہ سپیکر میر جاں محمد جمالی نے سپیکر اور ڈپٹی سپیکر کی عدم موجودگی کے باعث چار ارکان پر مشتمل سپیکر پینل کے ناموں کا اعلان کیا جن میں شیخ جعفر خان مندوخیل، سردار رضا محمد بڑیچ زمرک خان اچکزئی اور راحیلہ حمید درانی شامل ہیں۔