سالڈ ویسٹ مینجمنٹ کی 109 گاڑیاں خلاف قانون نیلام
سالڈ ویسٹ مینجمنٹ کی 109 گاڑیاں خلاف قانون نیلام
لاہور (سید شعیب الدین سے) سالڈ ویسٹ مینجمنٹ کی 109 گاڑیاں قانون کی کھلی خلاف ورزی کرتے ہوئے نیلام کر دی گئیں اور اب اس ”غلطی“ کی ”تصحیح“ کیلئے وزیر اعلیٰ کو سمری بھجوائی جا رہی ہے۔ باخبر ذرائع کے مطابق 2005ءکے لوکل گورنمنٹ آرڈیننس کی خلاف ورزی کرتے ہوئے ”سربمہر پیشکش“ طلب کرنے کی بجائے 345 گاڑیوں کی نیلامی کا فیصلہ کیا گیا۔ نیلامی کمیٹی نے 4 دن میں 345 گاڑیوں میں سے 109 نیلام کر دی گئیں۔ جب گاڑیوں کو نیلام کر دیا گیا تو کسی ”باخبر“ افسر نے بتایا کہ لوکل گورنمنٹ رولز کی خلاف ورزی ہو چکی ہے جس پر وزیر اعلیٰ کو سمری بھجوانے کیلئے ڈی سی او کو لکھا جا چکا ہے اور اب باقی بچ جانے والی مشینری کیلئے سربمہر پیشکش طلب کی جائیں گی۔ ذرائع کے مطابق سالڈ ویسٹ مینجمنٹ کی 109 گاڑیاں سوا پانچ کروڑ روپے میں نیلامی ہوئی ہیں۔ اس رقم میں قیمت کے علاوہ سیلز ٹیکس‘ انکم ٹیکس‘ ٹوکن ٹیکس بھی شامل ہے۔ باخبر ذرائع کے مطابق نیلام نہ ہونے والی گاڑیاں ”Hino اور Dentro“ ٹرک ہیں جن کی ریزرو پرائس 20 لاکھ مقرر کی گئی تھی مگر ان ٹرکوں کی نیلامی کیلئے پشاور سمیت پاکستان سے آنے والے پٹھان خریداروں نے مسلم لیگ (ن) کے ایک ”ناراض“ رہنما کے ”سمجھانے“ پر ”پول“ کر لیا اور کسی نے بھی ٹرک کی خریداری کیلئے ساڑھے تیرہ لاکھ سے زیادہ کی بولی نہیں دی۔ جبکہ اسی وقت ان ٹرکوں کے چیسز کی قیمت بھی 30 لاکھ ہے اور ایس ڈبلیو ایم کی ہر گاڑی پر 10-10 لاکھ سٹرکچر موجود ہے۔