ملتان (نمائندہ خصوصی+ریڈیو مانیٹرنگ) ملتان میں پولیس کے تشدد سے مبینہ ملزم ہلاک ہو گیا جس پر شہریوں نے مظاہرہ کیا اور تھانہ ممتاز آباد کا گھیراﺅ کر لیا اور ڈی ایس پی گلگشت اور تھانیدار پر تشدد کیا اور عمارت پر پتھراﺅ کیا جس سے 6 اہلکار زخمی ہو گئے جبکہ پولیس نے بھی مظاہرین پر لاٹھی چارج اور شیلنگ کی۔ تفصیلات کے مطابق ورثا نے بتایا کہ گرفتار اکرم بٹ کو پولیس نے تھانہ ممتاز آباد میں تشدد کا نشانہ بنایا جس سے وہ دم توڑ گیا۔ واقعہ کے بعد ورثاءاور اہل علاقہ نے تھانے کا گھیراﺅ کرکے عمارت پر پتھراﺅ کر دیا۔ مظاہرین کو منتشر کرنے کیلئے پولیس نے ہوائی فائرنگ اور آنسو گیس کے شیل فائر کئے۔ مظاہرین نے سادہ لباس میں آئے ڈی ایس پی گلگشت تنویر بھٹی، تھانہ لوہاری گیٹ کے ایس ایچ سمیت 6پولیس اہلکاروں کو تشدد کرکے زخمی کر دیا۔ سی پی او ملتان دلاور عباس کا کہنا ہے کہ ملزم کی ہلاکت نشتر ہسپتال میں ہوئی ہے اور تحقیقات کے بعد حقائق سامنے آ جائیں گے۔ وزیراعلیٰ کا قائم کردہ پینل ایڈیشنل سیکرٹری ہوم اور ایڈیشنل سیکرٹری پراسیکیوشن پر مشتمل ہے جبکہ آئی جی پنجاب نے بھی ملزم کی مبینہ پولیس تشدد سے ہلاکت کے واقعہ کا سخت نوٹس لیتے ہوئے اے آئی جی ایڈمن محمد املیش کو انکوائری آفیسر مقرر کر دیا ہے۔
ملزم/ ہلاکت
ملزم/ ہلاکت