لندن (ریڈیو نیوز+نیٹ نیوز) ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین نے کہا ہے کہ طاقتور قوتوں سے میری جان کو خطرہ ہے، مجھے ختم کرنے کیلئے بین الاقوامی اسٹیبلشمنٹ اور طاقتور ممالک ایک ہوگئے۔ کارکن ذہنی طور پر تیار رہیں جبکہ ایم کیو ایم کی رابطہ کمیٹی نے اپیل کی ہے کہ برطانیہ الطاف حسین کی حفاظت کیلئے خصوصی اقدامات کرے، ڈاکٹر عمران فاروق کا قتل بڑی سازش ہے، ملزم گرفتار کئے جائیں۔ ملکی اور غیر ملکی قوتیں ایم کیو ایم کو مٹانے کے درپے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق قائد تحریک الطاف حسین نے کارکنوں کے نام لکھے گئے خط میں کہا ہے کہ مستقبل میں حالات کا مقابلہ کرنے کیلئے وہ خود کو تیار کرلیں ڈاکٹر عمران فاروق کے قتل کی صورتحال کو ذہن میں رکھیں کیونکہ بین الاقوامی اسٹیبلشمنٹ مجھے مٹانے کیلئے سرگرم ہوگئی ہے میری زندگی اور سانسیں قوم کی امانت تھیں۔جبکہ ایم کیو ایم کی رابطہ کمیٹی لندن اور پاکستان کا اہم اجلاس مشترکہ طور پر ہوا جس میں دشمن قوتوں کی جانب سے ایم کیو ایم کو ختم کرنے اور الطاف حسین کو راستے سے ہٹانے کے مبینہ منصوبوں کی شدید الفاظ میں مذمت کی گئی۔ رابطہ کمیٹی نے کہا کہ ڈاکٹر عمران فاروق کے قتل کے بعد تحریک دشمن قوتیں الطاف حسین کیخلاف سازشیں کررہی ہیں جس سے کارکنوں اور ہمدردوں میں سخت تشویش پائی جاتی ہے۔ رابطہ کمیٹی نے الطاف حسین کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ کسی صورت الطاف حسین کا ساتھ نہیں چھوڑینگے۔
ایم کیو ایم رابطہ کمیٹی
ایم کیو ایم رابطہ کمیٹی