لاہور (رپورٹ خواجہ فرخ سعید) مسلم لیگ (ن) سعودی عرب کے چیف آرگنائزر راجہ کمال نے کہا ہے کہ سعودی عرب میں مقیم پاکستانی ہر وقت پاکستان کی سلامتی، استحکام اور عوام کی خوشحالی کے لئے دعائیں کرتے ہیں، پاکستان میں دہشت گردی کے واقعات، مہنگائی، لاقانونیت کی خبریں اُن پر بجلی بن کر گرتی ہیں، حالیہ سیلاب سے پاکستان میں ہونے والی تباہ کاری پر نہ صرف پاکستانی بلکہ سعودی فرمانروا شاہ عبداللہ اور سعودی عوام بھی تڑپ اٹھے ہیں۔ سعودی عرب میں مقیم پاکستانی ایڈیٹر انچیف نوائے وقت مجید نظامی اور نوائے وقت گروپ کی حب الوطنی اور نظریہ پاکستان کی حفاظت کے لئے کردار کو تحسین کی نگاہوں سے دیکھتے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گذشتہ روز ایوان وقت میں گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ راجہ کمال نے کہا کہ ہم سعودی فرمانروا شاہ عبداللہ بن عبدالعزیز اور سعودی عوام کے شکر گزار ہیں کہ انہوں نے ہر مشکل وقت میں پاکستان اور پاکستانیوں کی مدد کی۔ شاہ عبداللہ نے ایک تقریب میں یہ تاریخی الفاظ کہے کہ ہم سعودی اور پاکستانی نہیں بلکہ بھائی بھائی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سعودی عرب میں مقیم پاکستانی اپنے وطن کے موجودہ حالات پر سخت پریشان ہیں۔ حکومت، عدلیہ محاذ آرائی اُن کے لئے دکھ کا باعث ہے۔ انہوں نے کہا کہ حضرت عمرؓ اگر عدالت میں پیش ہو سکتے ہیں تو صدر آصف زرداری جن پر صدر مملکت بننے سے پہلے کے مقدمات ہیں کیوں عدالت میں پیش نہیں ہو سکتے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت خود پر عوام کا کھویا ہوا اعتماد بحال کر دے تو پاکستان پر جتنا قرضہ ہے بیرون ملک مقیم پاکستانی حکومت کی اپیل پر یہ قرضہ اتارنے کیلئے اتنی رقوم بھجوا سکتے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ سیلاب زدگان کی امداد کے لئے سعودی عرب میں وزیراعظم کے قائم کئے گئے فنڈ میں رقوم اس لئے کم آئیں کہ حکومت پر لوگوں کے اعتماد کا فقدان ہے۔ پاکستانیوں نے نوازشریف کی اپیل پر قائم فنڈ، نوائے وقت سیلاب زدگان امدادی فنڈ اور پاکستانی قونصل خانے میں رقوم جمع کروائی ہیں۔
راجہ کمال
راجہ کمال