لاہور (سلمان غنی) وفاقی حکومت نے این آر او سے فائدہ اٹھانے والے وزراء اور اعلی ذمہ داران کو بالآخر فارغ کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ اطلاعات کے مطابق وزیراعظم گیلانی نے تبدیلی کی مسلسل خبروں کے بعد این آر او زدہ وزراءکو فارغ کرکے اس دباﺅ کو کم کرنے کی حکمت عملی پر کام شروع کر دیا ہے اور وہ گزشتہ 48 گھنٹوں میں اس حوالہ سے انتہائی سنجیدگی سے غور و فکر میں مصروف رہے۔ اس دوران وفاقی وزیر عبدالقیوم جتوئی کی متنازعہ پریس کانفرنس نے خود حکومتی زعماءکو ہکا بکا کردیا کہ آخر عبدالقیوم جتوئی نے حکومت پر حالیہ دباﺅ کو کم کرنے کی بجائے اس پر مزید بوجھ کس کے کہنے پر ڈالا۔ باخبر ذرائع کے مطابق وزیراعظم گیلانی ایوان صدر کو یہ باور کرانے میں بظاہر کامیاب ہو گئے ہیں کہ این آر او زدہ وزراء سے جان چھڑا کر اس دباﺅ کو کم کیا جا سکتا ہے جو تبدیلی کی خبروں کے حوالہ سے موجودہ حکومت پر ہے۔ یہ تجویز بھی زیر غور ہے کہ وزیراعظم اپنی کابینہ کو برخاست کرکے نئی کابینہ بنالیں تاکہ کسی وزیر کی سبکی نہ ہو‘ سیاسی حلقے کابینہ میں ردوبدل کے حوالہ سے آئندہ 48 گھنٹوں کو اہم قرار دے رہے ہیں البتہ کچھ وزراء نے استعفےٰ پہلے سے تیار کر رکھے ہیں۔ دوسری جانب کابینہ میں رد و بدل کی خبروں کے بعد بعض سفیروں اور اعلی افسروں کی برخاستگی بھی زیر غور ہے جن کے نام این آر او زدہ فہرست میں شامل ہیں۔
حکومت / فیصلہ
حکومت / فیصلہ