نیٹو ہیلی کاپٹروں کی پاکستانی علاقے میں کارروائی‘ 30 افراد جاں بحق‘ شمالی وزیرستان میں دو ڈرون حملے‘ 12 افراد مارے گئے
اسلام آباد (ریڈیو مانیٹرنگ+ ثنا نیوز) نیٹو فورسز کی پاکستانی علاقے میں کارروائی کے نتیجے میں 30 افراد جاں بحق ہو گئے۔ اس بات کا انکشاف نیٹو فورسز کے ترجمان نے کیا ہے۔ ایساف کے 2 اپاچی ہیلی کاپٹروں نے جمعہ کے روز پاکستانی علاقے میں داخل ہوکر کارروائی کی تھی خوست میں ایساف کی چیک پوسٹ پر شدت پسندوں کے حملے کے بعد نیٹو فورسز نے ان شدت پسندوں کا پیچھا کیا تھا اور دو ہیلی کاپٹروں نے کارروائی کی جس کے نتیجے میں 30شدت پسند مارے گئے۔ ثناءنیوز کے مطابق شمالی وزیرستان میں امریکی جاسوس طیاروں کے دو میزائل حملوں میں12 افراد جا ںبحق اور چار زخمی ہوگئے۔رواں ماہ یہ 18واں ڈرون حملہ ہے۔ ذرائع کے مطابق پہلا حملہ شمالی وزیرستان کی تحصیل میران شاہ میں دتہ خیل روڈ کے قریب مدہ خیل کے علاقے میں کیا گیا جس میں ایک گھر پر امریکی جاسوس طیارے سے دو میزائل داغے گئے۔ حملے میں 4 افراد جاں بحق ہوئے جبکہ گھر مکمل طور پر تباہ ہوگیا۔ دوسرا حملہ شیرانی کے علاقے میں کیا گیا اور ایک گاڑی پر چار میزائل فائر کئے گئے جس کے نتیجے میں سات افراد جاں بحق اور چار زخمی ہوگئے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ حملے کے بعد بھی کافی دیرتک علاقے میں امریکی جاسوس طیاروں کی پروازیں جاری رہیں۔
نیٹو کارروائی
نیٹو کارروائی