اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان نے پشاور دھماکے کی شدید مذمت کرتے ہوئے دھماکے میں قیمتی جانوں کے ضیاع پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان نے پشاور دھماکے کی شدید مذمت کی ہے اور وزیر اعظم نے افسوسناک واقعے کے نتیجے میں زخمی ہونے والوں کی جلد صحتیابی کے لیے دعا کی ہے جبکہ وزیر اعظم عمران خان نے قیمتی جانوں کے ضیاع پر افسوس کا اظہار بھی کیا ہے۔
خیال رہے کہ آج صبح پشاور کےعلاقے دیرکالونی میں دھماکے کا واقعہ پیش آیا ۔ ریسکیو حکام کے مطابق دیرکالونی میں مدرسے کے اندر دھماکہ ہوا ،واقعہ کی اطلاع ملتے ہی امدادی ٹیمیں جائے وقوعہ کی جانب روانہ کر دی گئی ۔ دھماکے کی زد میں آ کر2بچوں سمیت 7 افراد جاں بحق جبکہ 70 زخمی ہو گئے جن میں سے متعدد کی حالت تشویشناک ہے۔
ایس ایس پی آپریشن کا کہنا تھا کہ دھماکے میں پانچ سے چھ کلو بارودی مواد استعمال ہوا۔جائے دھماکہ سے شواہد اکھٹے کئے جا رہے ہیں، ایک شخص لال بیگ لے کر مدرسے میں داخل ہوا،نامعلوم شخص کے مدرسے میں داخل ہونے کے بعد دھماکہ ہوا،دھماکے کے وقت بچے درس میں مصروف تھے۔
وزیر اعلی خیبر پختونخوا محمود خان نے بھی پشاور کے علاقہ دیر کالونی کے مدرسے میں دھماکے کی شدید مذمت کرتے ہوئے واقعے میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر رنج و غم کا اظہار کیا ہے ۔