پشاور کے علاقے دیرکالونی میں دھماکہ ہوا ہے اور ابتدائی طور5 افراد کے جاں بحق ہونے کی اطلاع ملی ہے۔پولیس ذرائع کے مطابق50زخمیوں کو اسپتال منتقل کردیا گیا ہے اور مزید ہلاکتوں کا خدشہ بھی ظاہر کیا جا رہا ہے۔
پولیس ذرائع کے مطابق دھماکے کی نوعیت فی الحال معلوم نہیں ہوسکی تاہم ایک مشکوک شخص کو بھاری بیگ لے کر مدرسے میں داخل ہوتے دیکھا گیا تھا۔
ریسکیو اور پولیس ذرائع کے مطابق دھماکہ بچوں کے مدرسے کے قریب ہوا جس کے باعث زیادہ تر بچے زخمی ہوئے ہیں۔
عینی شاہدین کے مطابق ریسکیو ٹیم کے جائے حادثہ پر پہنچنے سے قبل کم سے کم 20 بچوں کو لیڈی ریڈنگ اسپتال منتقل کر دیا گیا تھا۔ زخمیوں میں چند بچوں حالت تشویشناک بھی بتائی جا رہی ہے۔
زخمیوں کو لیڈی ریڈنگ اسپتال منتقل کیا گیا ہے۔ ابتدائی اطلاع کے مطابق مذکورہ مدرسے میں100 سے زائد بچے زیر تعلیم تھے۔ دھماکے کی آواز کافی زوردار تھی اور اس کے بعد وہاں آگ بھی لگ گئی تھی۔
بم ناکارہ بنانے والی ٹیم بھی جائے وقوعہ پر پہنچ چکی ہے اور علاقے کو سیل کر دیا گیا ہے۔ غیر متعلقہ افراد کو جائے حادثہ پر جانے کی اجازت نہیں ہے۔
مذکورہ مدرسہ مسجد سے متصل ہے اور وہاں علاقے کے بچے قران کی تعلیم حاصل کرنے آتے تھے۔
پولیس ذرائع کے مطابق جائے حادثہ سے ثبوت جمع کیے جا رہے ہیں جن کو فرانزک ٹیسٹ کیلئے بھجوایا جائے گا۔