سیکرٹری زراعت کا لیاقت پور کے علاقوں میں کپاس سمیت دیگر فصلوں کا معائنہ
لیاقت پور(نامہ نگار) سیکرٹری زراعت جنوبی پنجاب ثاقب علی عطیل نے لیاقت پور کے مختلف علاقوں کا دورہ کرکے کپاس،کماد،دھان سمیت دیگر فصلوں کا معائنہ کیا انہوں نے کاشتکاروں سے گفتگوکرتے ہوئے کہا کہ ان علاقوں میں کپاس کی فصل کی صورتحال تسلی بخش ہے کیونکہ گلابی سنڈی کا حملہ نہ ہونے کے برابر ہے لہٰذا فصل پر سپرے کم سے کم کریں ۔انہوں نے کہا کہ کاشتکار کپاس کی صاف چنائی کرائیں اور چھڑیوں کو سبزٹینڈوں کے بغیررکھیں۔انہوں نے کہا کہ گندم کی کاشت ترجیحاً یکم نومبر تا 30نومبر تک مکمل کریں اور محکمہ زراعت کی سفارشات کے مطابق تمام کاشتی امور سرانجام دیں۔گندم کے کھیتوں کی وٹوں پر کینولہ یا سرسوں کاشت کریں۔ کاشت سے قبل گندم کے بیج کومناسب پھپھوند کش زہر لگائیں۔اس موقع پر انہوں نے کہا کہ کپاس کی آئندہ فصل کی بہتر پیداوار کا تعلق براہ راست آف سیزن مینجمنٹ مہم سے منسلک ہے۔جننگ فیکٹریوں، آئل ملوں اور اینٹوں کے بھٹوں کے مالکان کو پابند کیا جائے کہ وہ کپاس کے کچرے کی بروقت تلفی کوہر صورت یقینی بنائیں۔