کالج کی صفائی کرتے پرنسپل کی ویڈیوں وائرل ہونے پر مچکمہ کی بو کھلاہٹ
کراچی (قمر خان)لیاری کے بیگم نصرت بھٹو کالج میں جھاڑو دیتے گریڈ 20 کے پرنسپل کی ویڈیو وائرل ہونے پرمحکمہ کالج ایجوکیشن بوکھلاہٹ کا شکار ہوگیا۔ معاملے کی چھان بین کئے بغیر پرنسپل کو ہی نوٹس دے ڈالا۔ بتایا جاتا ہے کہ مذکورہ کالج کا بااثر سوئپر کالج حاضر ہوئے بغیر تنخواہ وصول کررہا تھا ۔ تمام تر کوششوں کے بعد بھی کالج کی صفائی کے لئے آمادہ نہ ہونے پر کالج کی جانب سے سوئپر نریش کمار کو پرنسپل نے نہ صرف ریلیو کردیا بلکہ اسکی تنخواہ بھی بند کرا دی تھی۔دوسری جانب محکمہ کی جانب سے کالج کو نہ ہونے کے برابر فنڈ دیئے جارہے ہیں جس میں کالج کی صفائی کے لئے باقاعدہ انتظام کرنا ناممکن ہے۔ کالج ایجوکیشن ڈپارٹمنٹ کی غفلت کا یہ عالم ہے کہ کالجوں کی بڑی تعداد میں اب بھی سوئپر تعینات نہیں۔ لیاری کے بیگم نصرت بھٹو کالج کی صورتحال سے بھی بخوبی واقف ہونے کے باوجود محکمہ کے کان پر جوں تک نہ رینگی تاہم پرنسپل مطیع اللہ سہارن کی کالج میں جھاڑو دیتے ہوئے ویڈیو وئرل ہونے کے بعد محکمہ کے ریجنل ڈائریکٹر نے حقیقت حال پر پردہ ڈالتے ہوئے پرنسپل کو ہی نوٹس دے ڈالاجس میں ان سے معاملے پر 7دن کے اندر وضاحت طلب کر لی ہے ۔ریجنل ڈائریکٹر محکمہ کالج ایجوکیشن نے جاری خط میں کہا کہ بیگم نصرت بھٹو کالج لیاری میں سوئپر موجود ہونے کے باوجود پرنسپل پروفیسر مطیع اللہ نے خود صفائی کرنے کی ویڈیو وائرل کر کے محکمہ کالج کو بدنام کیا ہے جس پر سیکریٹری کالج نے پرنسپل سے وضاحت طلب کی ہے ۔خط میں کہا گیا کہ بیگم نصرت بھٹو کالج لیاری میں صفائی کی ویڈیو وائرل ہونے پر کالج کی ساکھ کو نقصان پہنچایا گیا کالج میں سوئیپر موجودہونے کے باوجودپرنسپل اسٹاف سے کام لینے میں ناکام رہے۔خط کے متن میں مزید کہا گیا کہ کالج کی بجٹ سے پرائیویٹ سوئیپر بھی رکھا جا سکتا تھا لیکن وہ سہولت بھی کالج میں فراہم نہ کی جاسکی ۔سیکریٹری محکمہ کالج ایجوکیشن نے پرنسپل کو حکم خط کا سات دن میںجواب دے کر اپنی پوزیشن واضح کریں ۔