ناقص وائرنگ خطرناک حادثات کا بڑا سبب
اکثر گھروں میں کام کے دوران نہ تو حفاظتی اقدامات کا خیال رکھا جاتا ہے اور نہ ہی ہمارا معاشرہ اس کے فوائد سے آگاہ ہے۔کئی بار اس طرح کی خبریں اخباروں کی زینت بنتی ہیں کہ کوئی شخص گھر میں کام کے دوران اپنی لاپروائی سے جان سے ہاتھ دھو بیٹھا ۔ بالخصوص بجلی کو حفاظتی طریقے سے استعمال کرنے کے حوالے سے لوگوں میں شعور اجاگر کرنے کی ضرورت ہے ۔ ایک غیر قانونی عمل جو شہر میں دھڑلے سے کیا جاتا ہے وہ کنڈے لگانا ہے جس سے کئی لوگوں کی اموات واقع ہوچکی ہیںجبکہ کئی بار بجلی کمپنی کی جانب سے آگاہی بھی فراہم کی جاچکی ہے کہ کنڈے لگانا انسانی جانوں کے لیے کس قدر خطرنا ک ثابت ہوسکتا ہے۔ بلڈنگ کی اندرونی وائرنگز شارٹ سرکٹس کا سبب بنتی ہیں تاہم گھر وں کے اندر ننگی تاروں کا استعمال بھی ممکنہ طور پر سنگین صورتحال کا سبب بنتا ہے۔پیڈسٹل فین یا پانی کی موٹر چلانے کے لیے جہاں بجلی کے پلک کے بجائے کھلی تاریں استعمال کی جائیں تو یہ خود حادثات کو دعوت دینے کے مترادف ہے۔ایسے سوئچ بورڈز جو پرانے ہوچکے ہوں یا جن میں اسپارکنگ ہوتی ہو وہ چھوٹے بچوں کے لیے خطرناک ہوتے ہیں۔ یہ والدین یا گھر کے سربراہ کی ذمہ داری ہے کہ ایسی چیزوں پرنظر رکھیں اور سوئچ بورڈ یا بجلی کے آلات خراب ہونے کی صورت میںاسے فوری ٹھیک کرنے کا بندوبست کریں۔حادثات سے بچنے کیلیے باقاعدگی سے اندرونی وائرنگ چیک کرنا گھر کے سربراہ کی ذمہ داری سمیت سب کی ذمہ داری ہے جس سے بری الذمہ نہیں ہوا جاسکتا۔(ہا رون احمد۔کراچی)