پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ نہتے کشمیریوں پر جاری مظالم روکنے کے لیے مودی کو لگام دی جائے۔ چیئرمین پی پی پی بلاول بھٹو زرداری نے کشمیر پر بھارتی قبضے کے خلاف منائے جانے والے یومِ سیاہ کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا کہ گزشتہ 71 برسوں سے کشمیر پر 5 لاکھ بھارتی فوج کا غاصبانہ قبضہ ہے،کشمیری 71 سال سے بھارتی فوج کا نہتے مقابلہ کر رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ 70 ہزار سے زائد کشمیریوں کو ان کی جدوجہد کے دوران موت کے گھاٹ اتارا جا چکا ہے،بھارتی قبضے پر عالمی برادری مسلسل خاموشی اختیار نہیں کر سکتی۔بلاول بھٹو زرداری نے مزید کہا کہ پاکستانی عوام کا کشمیر اور اس کی عوام سے جذباتی، روحانی اور تاریخی تعلق ہے، ہم کشمیریوں کی جدوجہد کے بارآور ہونے تک اخلاقی و سفارتی حمایت جاری رکھیں گے۔چیئرمین پیپلز پارٹی نے یہ بھی کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی کشمیریوں کے لیے آواز اٹھانے کی خاطر ہر فورم پر صفِ اول میں کھڑی ہوگی۔واضح رہے کہ کنٹرول لائن کے دونوں اطراف اور دنیا بھر میں مقیم کشمیری آج یوم سیاہ منا رہے ہیں، 27 اکتوبر 1947 کو بھارت نے اپنی فوجیں اتار کر کشمیر پر قبضہ کر لیا تھا۔
میرے ذہن میں سمائے خوف کو تسلّی بخش جواب کی ضرورت
Apr 17, 2024