کشمیر ہمارا اندرونی معاملہ، پاکستان دہشتگردی کے ذریعے سے حاصل کرنے کا خواب چھوڑدے: سشما سوراج
بھارت کی وزیر خارجہ سشما سوراج نے کہا ہے کہ پاکستان دہشت گردی کے ذریعے کشمیر کو حاصل کرنے کا خواب ترک کردے۔ا قوام متحدہ کے 71ویں سیشن سے خطاب کرتے سشما سوراج نے کہا پاکستان کو میرا مشورہ ہے کہ وہ یہ سوچنا بند کر دے کہ وہ دہشت گردی کے ذریعے کشمیر کو حاصل کرسکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ میں واضح کرنا چاہتی ہوں کہ جموں و کشمیر بھارت کا اندورنی حصہ ہے اور ہمیشہ رہے گا۔ پاکستان کا جواب دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بھارت نے کوئی بھی پیشگی شرط نہیں رکھی ہے اور بھارت کو پٹھانکوٹ اور اوڑی میں دہشت گرد حملوں کا سامنا کرنا پڑا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے پاکستانی وزیراعظم نواز شریف کو عید پر مبارک باد دی اور انکی کرکٹ ٹیم کیلئے نیک خواہشات کا اظہار بھی کیا مگر کیا اس سب کیلئے ابتدائی شرط تھی۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں سامنے سے کیا ملا پٹھانکوٹ حملہ، بہادر علی اور اوڑی حملہ۔ انہوں نے کہا کہ بہادر علی نے نظر بندی کے دوران خود بھی اعتراف کیا ہے کہ وہ سرحد پارکرکے پاکستان سے آیا تھا۔