مقبوضہ جموں و کشمیر: اقوام متحدہ سمیت انسانی حقوق کی تنظیمیں اور عالمی برادری خاموش تماشائی کا کردار ادا کر رہی ہے
دنیا میں کہیں پرندہ بھی مارا جائے تو امریکا سمیت تمام عالمی برادری تلملا اٹھتی ہے، اقوام متحدہ میں قراردادیں پیش ہوتی ہیں اور مختلف عالمی فورمز پر آوازیں اٹھنے لگتی ہیں لیکن بھارت کی ریاستی دہشتگردی پر سب قومیں خاموش ہیں. اقوام عالم کی اسی خاموشی نے بھارت کو مظالم کی کھلی چھٹی دے رکھی ہے۔
ماضی میں جب بھی کشمیر کا ذکر آتا تو اس کی مثال زمین پر جنت کے ٹکرے سے دی جاتی لیکن اب جب بھی کشمیر کا ذکر ہو تو سب سے پہلے بھارت کے انسانیت سوز مظالم، جلاؤ گھیراؤ، خواتین کی تذلیل غلامی، مایوسی اور قتل و غارت کا خیال ذہن میں آتا ہے، انصاف کے عالمی دعویداروں نے ہمیشہ انصاف کے نام پر کشمیریوں کی نسل کشی اور تباہی کے منصوبوں کا ساتھ دیا.
اقوام متحدہ سمیت تمام عالمی طاقتیں کشمیر کے معاملے پر سب سمجھتے بوجھتے بھی مجرمانہ خاموشی اختیار کئے ہوئے ہیں، عالمی قوتوں کی منافقت کے باعث آزادی کی یہ جنگ ظلم جبر اور تشدد کا نہ صرف سبب بنی بلکہ جنت نظیر وادی ایک فوجی کیمپ٬ خوف، مایوسی اور تاریکی کی تصویر بنی ہوئی ہے.