کے پی کے عوام نااہل حکومت کو بھگت رہے ہیں: روبینہ خالد
اسلام آباد(خبر نگار خصو صی )پاکستان پیپلزپارٹی کی سینیٹر روبینہ خالد نے کہا ہے کہ عمران خان نے پردہ نشین امپائر کے اشارے پر جتنے دن دھرنے میں گزارے اتنے دن کے پی کے میں بھی نہیں آئے آج حالت یہ ہے کہ کے پی کے میں پی ٹی آئی کے کارکن اپنے وزراء اور مشیروں کی کرپشن کے خلاف فریاد کررہے ہیں۔ عمران خان اپنے کارکنوں کی فریاد سننے سے بھی انکار کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کے پی کے کے عوام نااہل حکومت کو بھگت رہے ہیں۔ پشاور کھنڈرات بن رہا ہے جبکہ کوہستان کے عوام کو بنیادی حقوق سے محروم رکھا جا رہا ہے۔ سابق حکومت کے دوران کوہستان میں ضلع ہسپتال کا کام شروع ہوا مگر پی ٹی آئی کی حکومت نے اس ہسپتال کے فنڈ روک دئیے جو کوہستان کے عوام کے ساتھ سراسر ناانصافی ہے۔ سینیٹر روبینہ خالد نے کہا کہ کوہستان کے عوام کو تعلیم کے حق سے بھی محروم رکھا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کے پی کے کے کسانوں سے ڈرائی فوڈ پر فی من 40روپے جگا ٹیکس لیا جا رہا ہے اور گلگت بلتستان سے آنے والوں کی بھی جیب کاٹی جارہی ہے۔