بھارتی تسلط کیخلاف آج یوم سیاہ منایا جائیگا‘ برجیس طاہر

27 اکتوبر 2016

اسلام آباد (وقائع نگار خصوصی +نوائے وقت رپورٹ) وفاقی وزیر برائے امور کشمیر و گلگت بلتستان برجیس طاہر نے کہا ہے کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم بے نقاب کرنے اور کشمیریوں کے حق خود ارادیت کے حصول تک جدوجہد آزادی جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کرنے کے لئے پاکستان،آزاد کشمیر سمیت دنیا بھر میں کیلئے آج یوم سیاہ منایا جائے گا وہ خود مظفر آباد میں احتجاجی ریلی میں شرکت کریںگے اور وفاقی نمائندے کی حیثیت سے آزاد کشمیر اور مقبوضہ کشمیر کے عوام سے اپنی بھرپور یکجہتی کا اظہار کریں گے۔ اس مرتبہ صوبائی حکومتوں سے خصوصی درخواست کی گئی ہے کہ وہ مقبوضہ کشمیر کے حالات کے تناظر میں اس مرتبہ یوم سیاہ کو بھرپور طریقے سے منانے کیلئے اقدامات کریں۔ انہوں نے یہ بات بدھ کو پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہی انہوں نے کہا کہ وفاقی وزارت اطلاعات و نشریات آزاد جموں و کشمیر ٹی وی، پی ٹی وی اور پی ٹی وی ورلڈ، ریڈیو اور دیگر الیکٹرانک میڈیا کے ذریعے اس دن کی اہمیت کے حوالہ سے کئی پرواگرا مز نشر کر ے گی۔ اس کے علاوہ کشمیر سے متعلق دستاویزی فلمز چلائی جائیں گی، کشمیر کے موضوع پر مختلف ٹاک شوزکا انعقاد کیا جائے گا، نامور کشمیری رہنمائوں کے انٹرویوز شائع کئے جائیں گے۔ سی ڈی اے، کیڈ اور اسلام آباد انتظامیہ بھی یوم سیاہ کشمیر کے حوالہ سے اپنا بھرپور کردار ادا کرے گی تاکہ اس دن کو انتہائی جوش وجذبہ سے منایا جا سکے اور اپنے کشمیری بھائیوں سے بھرپور یکجہتی کا اظہار کر سکے۔ صوبائی دارالحکومت کی خصوصی تقاریب میں وزراء اعلیٰ شرکت کریں گے۔
راولپنڈی (نوائے وقت رپورٹ) دنیا بھر میں کشمیری بھارت کی طرف سے 1947 ء کو سری نگر میں فوجیں اتار کر مقبوضہ کشمیر پر فوجی تسلط اور قبضہ کرنے کے خلاف آج جمعرات کو یوم سیاہ منائیں گے اور آزادکشمیر پاکستان اور بیرونی ممالک میں جلسے جلوس مظاہرے اور سیمینار منعقد کریں گے کل جماعتی حریت کانفرنس کی کال پر آج مقبوضہ کشمیر میں مکمل ہڑتال کی جائے گی حریت کانفرنس آزادکشمیر و پاکستان شاخ کے زیر اہتمام آج اسلام آباد میں چائنا چوک سے ڈی چوک تک پرامن واک اور احتجاجی مظاہرہ کیا جائے گا کشمیری کمیونٹی آج لندن میں برطانوی وزیراعظم کی اقامت گاہ اور دفتر 10 ڈاؤننگ سٹریٹ پر مظاہرہ کرے گی۔