لاہور‘ موچی گیٹ میں دھماکہ‘4 مکانوں کی چھتیں منہدم‘ ایک شخص جاں بحق‘10 زخمی

27 اکتوبر 2016

لاہور (آئی این پی+این این آئی) لاہور کے علاقہ موچی گیٹ میں دھماکے کے باعث 4 مکانوں کی چھتیں گر گئیں‘ حادثے میں ایک شخص جاں بحق‘10زخمی جبکہ متاثرہ گھر سے 6ہینڈ گر نیڈ بھی پو لیس نے بر آمد کر لیے ۔تفصیلات کے مطابق موچی گیٹ میں زور دار دھماکہ ہوا جس کے باعث ایک دوسرے سے متصل چار مکانوں کی چھتیں گر گئیں۔ حادثے کی اطلاع ملنے پر ریسکیو ٹیمیں جائے حادثہ پر پہنچ گئیں اور ملبے تلے دبے 11 افراد کو نکال کر طبی امداد کیلئے میو ہسپتال منتقل کردیا جہاں زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے عظمت علی نامی زخمی شخص دم توڑ گیا۔ زخمی ہونے والوں میں بچے، خواتین اور مرد بھی شامل ہیں۔ریسکیو ذرائع کی جانب سے امدادی کارروائیاں جاری ہیں ، ملبے تلے مزید افراد کے دبے ہونے کا خدشہ ظاہر کیا جارہا ہے جبکہ متاثرہ گھر سے 6ہینڈ گر نیڈ بھی پو لیس نے بر آمد کر لیے ہیں جن کی تحقیقات شروع کردی گئی ہیں۔ این این آئی کے مطابق گارمنٹس کے گودام پرمشتمل2 منزلہ عمارت مکمل طور پر منہدم ہوگئی جبکہ 3 ملحقہ گھروں کی بالائی منزلیں بھی گر گئیں۔ تنگ گلیاں ہونے کے باعث ریسکیو ٹیموں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑ ا۔محلے داروں نے بتایا کہ چھتیں گرنے سے قبل دھماکے کی آواز بھی سنی گئی۔ تاہم پولیس اسے افواہ قراردے رہی ہے ۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق ملبے سے شیل کا خول ملنے پربم ڈسپوزل سکواڈ بھی طلب کرلیا گیا۔ صباح نیوز کے مطابقگرنے والی دو منزلہ عمارت کی نواحی دو عمارتیں بھی خالی کرا لی گئی ہیں تاکہ کوئی ناخوشگوار واقعہ پیش نہ آ سکے۔