حکمران احتجاج نہیں روک سکتے: چودھری سرور

27 اکتوبر 2016

لاہور (خصوصی نامہ نگار) سابق گورنر پنجاب چودھری محمد سرور نے کہا ہے کہ حکمرانوں کی سیاسی شہید ہونے کی خواہش پوری نہیں ہو گی‘ 2نومبر کو ملک میں کرپشن کے خلاف تحریک انصاف کا فائنل رائونڈ شروع ہونے جا رہا ہے‘ حکمران اپوزیشن کی ٹی او آرز مان لیں تو پانامہ لیکس کا مسئلہ آج ہی حل ہو جائیگا‘ حکمران بندوق لاٹھی اور گولی سے بھی تحریک انصاف کے پرامن احتجاج کا راستہ نہیں روک سکتے‘ تحریک انصاف بلاامتیاز اور بے رحم احتساب کی بات کرتی ہے جو حکمرانوں کو پسند نہیں آتی۔ وہ 2نومبر کی تیاریوں کے حوالے سے منصورہ بازار میں عوامی کنونشن سے خطاب کر رہے تھے۔ چودھری محمد سرور نے کہا ہے کہ عمران خان نے اس ملک میں کرپشن کے خاتمے اور احتساب کیلئے جو جنگ لڑ رہی ہے وہ کامیابی کے قریب پہنچ چکی ہے عوام اور تحریک انصاف کے کارکنوں کو آگے بڑھ کر اس جنگ میں عمران خان کا ساتھ دینا ہو گا۔ حکمران کرپشن کا حساب دینے کی بجائے سیاسی شہید ہونا چاہتے ہیں مگر ان کی یہ خواہش کسی صورت پوری نہیں ہو گی اور ہم ان سے کرپشن کی پائی پائی کا حساب لے کر ہی دم لیں گے۔ ملک ظہیر عباس کھوکھر نے کہا کہ عمران خان کے ساتھ پاکستان کے عوام کھڑے ہیں اور اس بات میں اب کوئی شک نہیں کہ مسلم لیگ کی کرپٹ حکومت کے آخری دن آ چکے ہیں۔ سردار کامل عمر نے کہا کہ عمران خان کی کرپشن کے خاتمے اور تبدیلی جنگ ضرور کامیاب ہو گی۔