پیمرا نے گوجرانوالہ میں مزید 3 کیبل نیٹ ورک بند کرا دئیے
گوجرانوالہ(نمائندہ خصوصی) پیمرا کی جانب سے غیرقانونی انڈین چینلز اور غیرقانونی کیبل نیٹ ورکس کے خلاف کارروائی گیارہویں روز بھی جاری رہی اور مزید 3غیرقانونی کیبل نیٹ ورکس کو سیل کرکے 66آلات قبضہ میں لے لئے گئے۔ تفصیلات کے مطابق پیمرا کا غیرقانونی انڈین چینلز اور غیرقانونی نیٹ ورکس کے خلاف ریجن بھر میں آپریشن جاری ہے۔گزشتہ رات گوجرانوالہ، سیالکوٹ، گجرات، منڈی بہا¶الدین، حافظ آباد اور نارووال کے اضلاع میں70 کیبل آپریٹرز کی انسپکشن کی گئی۔ پیمرا کے ریجنل جنرل منیجر خرم صدیقی نے بتایا کہ غیرقانونی چینلز دکھانے والے آپریٹرز کو قانون کے شکنجے میں جکڑا جائیگا اور ان کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔ پیمرا ہیڈکوارٹر کی طرف سے جاری ہدایات پر تمام کیبل آپریٹرز کو عمل کرنا ہوگا۔