پانامہ لیکس کی بنیاد پر وزیر اعظم نواز شریف کی اہلیت ہائیکورٹ میں چیلنج

27 اکتوبر 2016

لاہور ( این این آئی) تحریک انصاف نے پانامہ لیکس کی بنیاد پر وزیر اعظم نواز شریف کی اہلیت کو لاہور ہائیکورٹ میں چیلنج کر دیا۔لاہور ہائیکورٹ میں یہ آئینی درخواست تحریک انصاف کے رہنما جہانگیر ترین نے دائر کی ہے جس میں کہا گیا ہے کہ وزیر اعظم نواز شریف اور ان کے خاندان کی کرپشن کا پانامہ لیکس میں انکشاف ہوا، پانامہ لیکس کے تمام ثبوت لگا کر سپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق کو وزیر اعظم کی نااہلی کا ریفرنس دائرکیا گیا لیکن سپیکر نے یہ ریفرنس الیکشن کمیشن کو بھجوانےکی بجائے مسترد کر دیا۔درخواست میں کہا گیا ہے کہ سپیکر قومی اسمبلی کو ریفرنس مسترد کرنے کا اختیار نہیں، وزیر اعظم آئین کے آرٹیکل 62 اور63 کی خلاف ورزی کے مرتکب ہو چکے ہیں اور اب صادق اور امین نہیں رہے۔ درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ سپیکر قومی اسمبلی کا وزیر اعظم کی نااہلی کا ریفرنس مسترد کرنے کا حکم کالعدم کیا جائے اور الیکشن کمیشن کو نواز شریف کی نااہلی کا حکم دیا جائے۔یاد رہے کہ اسی معاملے پر سابق چیف جسٹس پاکستان افتخار محمد چوہدری کی سیاسی جماعت جسٹس اینڈ ڈیموکریٹک بھی درخواست دائر کر چکی ہے جس میں ہائیکورٹ نے وفاقی حکومت اور الیکشن کمیشن سے جواب طلب کر رکھا ہے۔
چیلنج