خورشید شاہ کو ڈبل شاہ کہنا مناسب نہیں، احتجاج ہر جماعت کا جمہوری حق ہے: یوسف گیلانی
لاہور (کامرس رپورٹر) پاکستان پیپلزپارٹی کے مرکزی رہنما و سابق وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ ایک جمہوری ریاست کو پر تشدد ریاست میں تبدیل نہیںہونا چاہیے ، پی ٹی آئی اور حکومت معاملے کو افہام و تفہیم سے حل کریں ،بلوچستان میں بھارت کی مداخلت کا معاملہ سب سے پہلے میں نے اٹھایا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گلبرگ میں ایک شوگر کلینک کے افتتاح کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کے دوران کیا ۔ سیدیو سف رضا گیلانی نے کہا کہ احتجاج ہر جماعت کا جمہوری حق ہے لیکن یہ تشدد میں تبدیل نہیں ہونا چاہیے کیونکہ اگر یہ احتجاج تشدد میں تبدیل ہوا تو کچھ بھی ہوسکتا ہے، پی ٹی آئی اور حکومت معاملے کو افہام و تفہیم سے حل کریں ۔ انہوںنے کہا کہ اپو زیشن کو عمران خان کے خلاف نازیبا بیانات نہیں دینے چاہئیں ۔پا کستان پیپلز پارٹی نے پانامہ لیکس پر 4مطالبات حکومت کو پیش کر دئیے ہیں لیکن اگر پو رے نہ کیے گئے تو اگلے لائحہ عمل کا اعلان کریں گے ۔عمران خان کی جانب سے خورشید شاہ کو ڈبل شاہ کہنا نامناسب ہے۔