عمران کی سوچ سے بہت آگے ہوں، الزامات لگتے رہتے ہیں: اپوزیشن لیڈر

27 اکتوبر 2016

حیدر آباد (نوائے وقت رپورٹ) قائد حزب اختلاف خورشید شاہ نے کہا ہے کہ موجودہ صورتحال میں سسٹم کو خطرہ ہو سکتا ہے۔ احتجاج کا سب کو حق ہے۔ میں عمران خان کی سوچ اور خیالات سے بہت آگے ہوں۔ احتجاج ہوتے رہتے ہیں۔ نئی بات نہیں۔ الزامات لگتے رہتے ہیں۔ عمران پر بھی الزامات لگے ہیں۔ احتجاج ایسی صورتحال اختیار نہ کرے کہ جانوں کو نقصان پہنچے۔ ہم نے تین ڈکٹیٹروں سے جنگ لڑی۔ اپنی جان دی، کوڑے کھائے، کارکنوں کو نقصان نہیں ہونے دیا۔ عمران خان پر اپنے کارکنوں کے تحفظ کی بھاری ذمہ داری عائد ہوتی ہے۔ ڈبل شاہ کے سوال پر انہوں نے کہا کہ نوید قمر بھی شاہ ہیں میں بھی ہوں۔ ٹی وی پر کسی سیاستدان نے کہا تھا کہ تحریکیں خون مانگتی ہیں۔ اس سے کہا ہے کہ پہلے لیڈر کا خون بہتا ہے پھر کارکن کی بات آتی ہے۔ لیڈر سے پہلے کارکن کے خون کی بات کرنے والی ڈائن ہوتی ہے۔
خورشید شاہ