اسلام آباد کا احتجاج پر امن ہے، پولیس حالات خراب نہ کرے: آئی جی کو خط

27 اکتوبر 2016

لاہور (خصوصی نامہ نگار) پنجاب اسمبلی میں قائد حزب اختلاف میاں محمود الرشید نے کہا ہے کہ اسلام آباد کا احتجاج پرامن ہے پولیس گرفتاریاں اور کارکنوں کو ہراساں کر کے حالات خراب نہ کرے، آئی جی پنجاب کے نام خط میں محمود الرشید نے مزید کہا کہ تحریک انصاف پاکستان کی بڑی سیاسی ہے اور اس نے ہمیشہ عوامی حقوق کی پرامن جدو جہد کی اور اب بھی تحریک انصاف نے دو نومبر کو اسلام آباد دھرنے کی کال دے رکھی ہے جس کے بارے میں عام تاثر یہ ہے کہ پولیس ہمارے کارکنوں کو حراست میں لینے کا ارادہ رکھتی ہے لیکن میں آپ پر واضح کرنا چاہتے ہیں کہ ہمارا احتجاج قانون کے مطابق پرامن اور ملک کے تحفظ، سلامتی، احتساب اور آئندہ آنے والی نسل کو کرپشن فری پاکستان دینے کیلئے ہے۔ حکمران جماعت کے ایما پر تحریک انصاف کے اہم رہنماﺅں اور کارکنوں کی پکڑ دھکڑ کے حوالے سے تیار کی جانے والی فہرستیں اور پولیس پر گرفتار یوں کے حوالے سے ڈالا جانے والا دباﺅ نہ صرف افسوسناک بلکہ انسانی حقوق کی خلاف ورزی ہے۔ محمود الرشید نے کہا کہ، پاکستان تحریک انصاف امید کرتی ہے کہ محکمہ پولیس کے فرض شناس افسر و اہلکار سیاسی دباﺅ کو بالائے طاق رکھتے ہوئے اپنے پیشہ وارانہ امور سر انجام دے گی۔ امید ہے پنجاب پولیس اپنی ذمہ داریوں کو نبھاتے ہوئے نہ صرف سیاسی کارکنوں کی بلا جواز گرفتاریوں اور انہیں ہراساں کرنے سے باز رہے گی بلکہ ان کے جان و مال کا تحفظ بھی یقینی بنائے گی۔
محمود الرشید