رائیونڈ : 500سے زائد بیوہ خواتین دو برس سے گزارہ الائونس سے محروم

27 اکتوبر 2016

رائے ونڈ ( نامہ نگار )رائے ونڈ کی 500سے زائد مستحقین بیوہ خواتین دوسال سے گزارہ الاوئنس سے یکسر محروم ہیں۔محکمہ زکوۃ کی عدم توجہ سے 2013کے بعد کوئی رقم وصول نہ ہونے سے متعدد خاندانوں کے چولہے بجھ گئے ۔تفصیلات کے مطابق محکمہ عشر وزکوۃ کی روایتی ہٹ دھرمی کیوجہ سے رائے ونڈ سٹی میں 500سے زائد مستحق بیوہ خواتین کو عرصہ دوسال گزرنے کے باوجود ایک پائی تک نہیں ملی جس سے انکا مالی نظام انتہائی مشکلات کا شکار ہے ذرائع کے مطابق شہر کے سب سے گنجان آباد علاقہ بستی امین پورہ جہاں 50ہزار نفوس پر مشتمل آبادی ہونے کے باوجود یہاں زکوۃ عشر کمیٹی قائم نہیں کی گئی جس سے بستی امین پورہ کی درجنوں مستحق بیوہ خواتین سرکاری سطح پر ملنے والی زکوۃ سے محروم ہیں ذرائع کے مطابق رائے ونڈ سٹی میں سات زکوۃ عشر کمیٹیاں قائم ہیں جس میں صرف 112خواتین رجسٹرڈ ہیں جبکہ ساڑھے تین سوسے زائد مستحق بیوہ خواتین کا اندراج نہیں ہوسکا۔