پنجاب سیکرٹریٹ میں کنٹرول روم قائم کرنے کا فیصلہ ،پی ٹی آئی کے سر گرم افراد کی مانیٹرنگ کی جائیگی

27 اکتوبر 2016

لاہور (سپیشل رپورٹر) پی ٹی آئی کے دھرنے کو روکنے کے لئے پنجاب سول سیکرٹریٹ ہوم ڈیپارٹمنٹ میں کنٹرول روم قائم کیا جارہا ہے جس کی براہ راست نگرانی ہوم سیکرٹری پنجاب کریں گے۔ وزیر قانون کی زیر صدارت اجلاس گزشتہ روز ہوا جس میں دھرنے کے حوالے سے سیکورٹی معاملات کا جائزہ لیا گیا تاہم تمام ڈویژن میں کمشنر آفسز میں بھی کنٹرول روم قائم کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے اور گرفتاری کے لئے جو فہرستیں اضلاع کو فراہم کی گئی ہیں ان افراد کی مانیٹرنگ شروع کرنے کے احکامات جاری کر دئیے گئے ہیں کیونکہ سپیشل برانچ اور آئی بی نے اطلاع دی تھی کہ پی ٹی آئی کے متعدد اہم سرگرم افراد ابھی سے اسلام آباد جانا شروع ہوگئے ہیں جس پر فیصلہ کیا گیا ہے کہ ان افراد کی نگرانی کی جائے گی اور ان کی گرفتاریاں 31 اکتوبر کے بجائے پہلے کرنی شروع کر دی جائیں گی ۔ تاہم ٹرانسپورٹرز سے رابطہ کرکے ان کو اپنی پبلک ٹرانسپورٹ مہیا نہ کرنے کے حوالے سے بھی انتظامیہ اعتماد میں لے گی تاہم اس بارے میں ذرائع کے مطابق اہم شہروں جس میں لاہور، فیصل آباد، سیالکوٹ، جہلم، راولپنڈی، ملتان، ساہیوال، گوجرانوالہ، شیخوپورہ اور دیگر شہروں کو کس طرح لاک ڈائون کیا جائے گا اس کی منصوبہ بندی مکمل کر لی گئی ہے۔