حکومت کی رٹ کو چیلنج کرنے والوں کے ساتھ آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے گا۔مراد علی شاہ

27 اکتوبر 2016

کراچی(اسٹاف رپورٹر) کورکمانڈرکراچی لیفٹیننٹ جنرل نوید مختارنے بدھ کووزیراعلی سندھ سیدمراد علی شاہ سے ملاقات کی ہے ،جس میں کراچی ٹارگٹڈ آپریشن سمیت دیگر امور پرتبادلہ خیال کیا گیا۔ترجمان وزیراعلیٰ ہاﺅس کے مطابق وزیراعلی سندھ سیدمراد علی شاہ سے کور کمانڈرکراچی لیفٹیننٹ جنرل نوید مختارنے ملاقات کی ہے ۔ ملاقات میں سانحہ کوئٹہ کے بعد امن و امان کی صورت حال اور کراچی ٹارگٹڈ آپریشن سمیت دیگر امورپرتبادلہ خیال کیا گیا۔ملاقات میں نیشنل ایکشن پلان پرعمل درآمد اورپیش رفت پربھی غورکیا گیا جب کہ ایپکس کمیٹی کا اجلاس نومبرکے پہلے ہفتے میں بلانے کا فیصلہ بھی کیا گیا ہے۔ملاقات میں وزیراعلی سندھ مراد علی شاہ نے کہا کہ حکومت کی رٹ کو چیلنج کرنے والوں کے ساتھ آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے گا۔ دریں اثناء وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہاہے کہ ہم کراچی میں ترقیاتی کاموں پر خصوصی توجہ دے رہے ہیںاور ورلڈ بینک کی مددسے 1بلین ڈالر کے منصوبوں پر بھی کام کر رہے ہیں ،یہ منصوبے کراچی کے لئے ہیں ،اس سلسلے میں گذشتہ روزترقیاتی کاموں سے متعلق اجلاس بھی طلب کیا تھا ۔انہوںنے کہاکہ بلوچستان میںپولیس ٹریننگ سینٹر میں اہلکاروں کے قتل کی سخت الفاظ میں مذمت کرتا ہوں ۔انہوںنے کہاکہ دہشت گرد چاہتے ہیں کہ ہماری تعلیم تباہ ہو جائے لیکن ہم ان کا ڈٹ کر مقابلہ کریں گے اور ہم دہشت گردوں کے خلاف جہاد کر رہے ہیں ، اصل جہاد یہ ہی ہے ۔انہوںنے مزید کہاکہ میں کوئٹہ کے شہید اہلکاروں کے اہلِ خانہ سے تعزیت کرتا ہوں ۔ وزیراعلیٰ سندھ نے کہاکہ میں صوبے میں تعلیمی کے شعبے میں ایمرجنسی نافذ کر چکا ہوں اور میں صوبے میں تعلیمی خامیوں سے بخوبی واقف ہوں اس لئے ہم نے ایجوکیشن کو دو حصوں میں تقسیم کیا ہے ۔ انہوںنے مزید کہاکہ پبلک سیکٹر کے ایجوکیشن کے شعبے میں بیورو کریسی بڑی تعداد میں موجود ہے لیکن پھر بھی تعلیمی شعبے میں اچھی خدمت نہیں ہو سکی ۔ وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے نارتھ کراچی کی سڑکوں کو تعمیرو مرمت کرنے کا بھی اعلان کیا ۔انہوںنے مز ید کہاکہ اقراءیونیورسٹی تعلیم کے شعبے میں اچھا کام کر رہی ہے ۔انہوںنے مزید کہا کہ میں نے چند روز قبل دمبہ گوٹھ میں قائم اسکول کا دورہ کیا تھا اور چھوٹے بچوں کے ساتھ وقت گزارنا بہت اچھا لگا تھا جن کو دیکھ کر مجھے اپنا بچپن اور پرائمری تعلیم ےاد آگئی تھی ۔سید مراد علی شاہ نے کہاکہ ہم ان شاءاللہ تعلیمی شعبے کو بہتر بنانے کے لئے اپنی کاوشوں کو بروئے کار لائیں گے اور بچوں کو بہترین تعلیمی معیار سے آراستہ کریں گے ۔
مراد علی شاہ